• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت یقینی بنائی جائے‘اے ڈی سی

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ثاقب خان کاکڑنے کہا ہے کہ سرکاری پرائس لسٹ کے خلاف اشیاء خوردونوش کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی عملدرآمد نہ کرنے اور مضرصحت اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسپیشل مجسٹریٹ سمیع اللہ، صدر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان امردین آغا، چیئرمین تاجران بلوچستان ٹکری حمید بنگلزئی، چیف کوآرڈینیٹرپامیر کنزیومر سوسائٹی نذر محمد بڑیچ، سول سوسائٹی سے میر اسلم رند کے علاوہ مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشن کے نمائندے، صدر ڈیری فارمز ایسوسی ایشن، پولٹری فارمز، صدر ملک شاپ و دیگر متعلقہ ایسوسی ایشنز کے عہدیدار اورارکان بھی موجود تھے۔اجلاس میں چھوٹا گوشت (مٹن) کی قیمت 850 روپے فی کلو مقرر کی گئی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ریٹ پر ہی عمل درآمد کرنے کے لئے تاجروں اور دکانداروں کو پابند بنایا جائے خودساختہ قیمتیں رکھنے والے گرانفروشوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ پرائس لسٹ پر من وعن عملدرآمد کروایا جائے گا اس سلسلے میں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی لہٰذا دکاندار سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق خرید وفروخت کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ شہر میں اسسٹنٹ کمشنر صدر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور تمام مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کررہے ہیں۔حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء فروخت کرنے اور زائدالمیعاد اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی دکاندار کو پرائس لسٹ کے خلاف اشیاء فروخت کرنیکی اجازت نہیں ہوگی چھوٹا گوشت(مٹن) کی موجودہ قیمت 850 روپے فی کلو طے ہوئی ہے ،اسکے علاوہ دیگر اشیاء کی قیمتیں پرائس لسٹ کی مطابق ہونگی اور ان کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔
تازہ ترین