• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی تعلیمی اداروں کیلئے ایمرجنسی پیکیج کا اعلان کیا جائے،پرائیویٹ اسکولزگرینڈ الائنس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس نے صوبے میں تعلیمی اداروں کی 15 جولائی تک بندش کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئےمطالبہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کو تباہی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے فوری ایمر جنسی پیکیج کا اعلان کیا جائے، نجی تعلیمی اداروں کو بلاسود اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جا ئیں۔یہ بات بلوچستان پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس کے رہنماوں نذر محمد بڑیچ ، حاجی سلیم ناصر ، ملک رشید کاکڑ ، قاری جیلانی البدری ، رحمت اللہ غزنوی اور ظاہر خان کاکڑ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہی ، انہوں نے اسکولوں کو خاص طریقہ کار کے تحت فوری کھولنے ، نجی تعلیمی اداروں کے لئے فوری ایمرجنسی پیکیج کے اعلان اور انہیں بلا سود قرضوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا کرتے ہوئے کہا کہ اگران کے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو اگلے ہفتے سے ایک مرتبہ پھر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوول کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ہیں اور حکومت نے 15جولائی تک اسکولوں کی بندش میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جو قابل قبول نہیں اس سے نہ صرف نجی تعلیمی ادارے مالی تباہ حالی سے دوچار ہو گئے ہیں بلکہ ان میں زیر تعلیم 8 لاکھ سے زائد طلبا ءو طالبات کا مستقبل اور ہزاروں اساتذہ و دیگر عملے کا روزگار داؤ پر لگ چکا ہے ، اس سلسلے میں گرینڈ الا ئنس کے پلیٹ فارم سے پہلے بھی احتجاج کیا گیا جس پر ہمیں یقین دہانیاں کرائی گئیں مگر اب تک کسی قسم کے اقدامات ہوتے دکھائی نہیں دے رہے، ما لی مشکلات سے دو چار نجی اداروں کے لئے کسی ریلیف کا اعلان نہیں کیا گیا ، انہوں نے گورنر، وزیر اعلیٰ اور محکمہ تعلیم کے حکام سے مطالبہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کو تباہی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے فوری ایمر جنسی پیکیج کا اعلان کیا جائے، نجی تعلیمی داروں کو بلاسود اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جا ئیں۔
تازہ ترین