• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: TTP چھوڑ کر داعش میں آنیوالا دہشتگرد گرفتار


اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کراچی اور وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے کراچی میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

ایس آئی یو کے مطابق وفاقی انٹیلی جنس ادارے کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں داعش سے وابستہ مبینہ دہشت گرد سکندر خان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم نے 2019ء سے پہلے کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستگی کا اعتراف بھی کیا ہے، ملزم 2013ء میں دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل گیا تھا جسے بعد میں مردان جیل منتقل کیا گیا تھا۔

ملزم مردان جیل میں سزا کاٹنے کے بعد 2019ء میں داعش میں شامل ہوا اور ساتھیوں کی مدد سے کراچی میں بھتہ خوری میں بھی ملوث رہاہے۔

ملزم نے پی آئی بی تھانے کی حدود میں ڈاکٹر سراج کو بھتے کی پرچی بھیجی اور بھتہ نہ دینے پر ڈاکٹر سراج پر فائرنگ کی اور کلینک پر بم سے حملہ کیا۔

ملزم کے خلاف تھانہ پی آئی بی میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: بہاولنگر، کالعدم داعش کے 2 دہشت گرد گرفتار

ملزم نے کورنگی میں شہری حلیم سے بھی بھتہ طلب کیا تھا جس کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں دہشت گردی سمیت بھتے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

گرفتار ملزم نے شہر میں بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ ملزم سے برآمد ہونے والا اسلحہ فارنزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

تازہ ترین