• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کو کھلونا پستول دینا ایک نئی سازش کا حصہ لگتا ہے، گورنر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ لیاری کے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں گے، لیاری کے بچوں کو کھلونا پستول دینا ایک نئی سازش کا حصہ لگتا ہے ،لیاری میں امن بحال کیا ہے اب ہم اپنے بچوں کو منفی سرگرمی میں ملوث ہوتا نہیں دیکھ سکتے ہیں ، بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لیاری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ لیاری کے دورہ کے دوران گورنرسندھ آزاد باکسنگ کلب گئے جہاں انہوں نے بچوں کو باکسنگ گلوز ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کا سامان بھی دیا ۔ گورنرسندھ 200 کرکٹ کٹس،500 فٹبالز اور 50 جوڑے باکسنگ گلوز سمیت دیگر کھیلوں کا سامان بچوں کو دیا ۔ اس موقع پراراکین قومی و صوبائی اسمبلی آفتاب صدیقی ، عبد الشکور شاد ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زماں ،اشرف قریشی ، رمضان گھانچی ، ڈاکٹر سعید آفریدی ، عدنان اسماعیل ، زبیر گیلانی اورمحمود مولوی بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ لیاری میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں ضرورت ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہے اس ضمن میں بھرپور کوشش کریں گے کہ اس علاقہ سے ایک بار پھر باکسنگ اور فٹبال کے قومی سطح کے کھلاڑی مہیا کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی محنت سے لیاری میں امن بحال کیا ہے اب ہم اپنے بچوں کو منفی سرگرمی میں ملوث ہوتا نہیں دیکھ سکتے ہیں ہم ان بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کی بجائے کتابیں اور کھیلوں کا سامان دیکھنا چاہتے ہیں اس کے لئے بھرپور تعاون اور مدد جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین