• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن آج بھی حق اور سچ کے فلسفے پر قائم ہیں، مقررین

کراچی/ لاہور (نمائندہ جنگ)ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو میڈیاگروپ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری کیخلاف کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی کیمپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔کراچی میں گزشتہ روز احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی پریس کپب اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن آج بھی حق اور سچ کے فلسفے پر قائم ہیں ، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دو سال میں اتنی بدنام نہیں ہوئی جتنی ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الر حمٰن کی گرفتاری کے 78 دنوں میں ہوئی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کبھی پاکستانی میڈیا یا صحافی کی حمایت میں بیان نہیں دیا لیکن اس بار پاکستانی میڈیا، آزادی صحافت اور خاص طور پر میرشکیل الرحمٰں کی رہائی کیلئے ان کا بیان حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی بالادستی کیلئے افتخار چوہدری اور عدلیہ کے آزادی کیلئے جنگ اور جیو نے تحریک میں بڑا کردار ادا کیا۔ اس کا خیال کرتے ہوئے عدالتوں کو میرشکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر سینئر صحافی اور بیورو چیف جیو فہیم صدیقی، ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، دی نیوز کے صدر سعید پاشا، جنرل سیکرٹری دارا ظفر، جاوید پریس کے جنرل سیکرٹری رانا یوسف نے بھی خطاب کیا۔ امتیاز فاران نے مزید کہا کہ میر شکیل الر حمٰن نے حکومتی شرائط تسلیم نہیں کیں جس کی بناء پر رہائی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوا اور اب ان کی گرفتاری کو 78 دن ہوچکے ہیں۔ فہیم صدیقی نے کہا کہ جب تک میرشکیل الرحمٰن رہا نہیں ہوں گے ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی لائیں گے اور اس کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔ دارا ظفر نے کہا کہ ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہونے والی ہے، تم ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الر حمٰن کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، جنگ اور جیو نے کل بھی سچ لکھا اور دکھایا، ٓاج بھی میرشکیل الرحمٰن تمام مظالم برداشت کررہے ہیں ۔دوسری جانب لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں شاہین قریشی، ظہیر انجم، مقصو د بٹ، خضر حیات گوندل ِ،امجدعزیز شیخ، شاہد عزیز،منور حسین ،سول سوسائٹی کے عبداللہ ملک،جنگ ورکرز یونین کے سیکریٹری محمد فاروق،منور حسین، جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری میڈیا ہاؤسز پر پابندی لگانے کا منصوبہ ہے۔اس سے نہ صرف جنگ اور جیو بلکہ دیگر میڈیا ہاؤسز کو بھی پیغام دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین