• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیل شیخ سے اخراجات کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے پی سی بی کا خط

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی دستاویز میں دعوی کیا گیا ہے اسلام آباد ریجن کے صدر اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن شکیل شیخ نے پی سی بی کے ایڈوائزر ڈومیسٹک کرکٹ اور گراونڈز کی حیثیت سے بورڈ میں خدمات انجام دیں۔2017میں جب وہ کرکٹ بورڈ سے سبکدوش ہوئے تو انہیں پاکستان کرکٹ کا سب سے طاقتور نان کرکٹر قرار دیا جاتا تھا۔پی سی بی نےشکیل شیخ سے ان پر آنے والےاخراجات کی تفصیل معلوم کرنے کے لئے انہیں اپنے وکیل کے توسط سے لیٹر لکھا ہے۔شکیل شیخ سے مالی معاملات پر تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے ان پر بے جا اختیارات کا الزام ہے۔پی سی بی نے شکیل شیخ کے معاملات کا دس سالہ آڈٹ مکمل کرلیا ہے۔جنگ کے پاس موجود دستاویز کے مطابق شکیل شیخ پر پی سی بی نے ایک کروڑ 44لاکھ سولہ ہزار 867روپے خرچ کئے یا انہیں اس کی ادائیگی کی گئی۔ایڈوائزر کی حیثیت سے ان کا میٹنگ الاونس بیس ہزار روپے اور ڈیلی الاونس پانچ ہزار روپےیومیہ تھا۔انہیں پانچ ہزار روپے ماہانہ موبائل الاونس اور بیس ہزار روپے ماہانہ کار الاونس دیا گیا۔جبکہ ہوٹل میں رہائش پی سی بی کی ذمے داری تھی۔جنگ کے پاس موجود دستاویز میں پی سی بی کے قانونی مشیر نے شکیل شیخ سے ان کے کام کے بارے میں وضاحت مانگی ہے۔شکیل شیخ نے ایڈوائزر کی حیثیت سے 2018میں پی ایس ایل کے دوران دبئی کے دورے کئے۔نومبر دسمبر 2015میں شکیل شیخ کے دبئی کا ایک اور دورہ کیا اس دورے پر انہوں نے بورڈ سےڈیلی الاونس کی مد میں 287,010اور ٹریول الاونس کی مد میں 336194روپے کلیم کئے۔پی سی بی نے ان سے پوچھا ہے کہ آپ نے کس میٹنگ کے لئے یہ مہنگا دورہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیل شیخ اور پی سی بی میں قانونی جنگ میں تیزی آگئی ہے۔چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے ذاتی حیثیت میں شکیل شیخ کو الگ قانونی نوٹس بھی بھیجا ہے۔شکیل شیخ ان دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف ایک تحریک کو بھی لیڈ کررہے ہیں۔جس میں کئی ریجن کے نمائندے شامل ہیں۔

تازہ ترین