وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے والدین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج والدین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا ہر دن والدین سے محبت اور عظمت سے معمور ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ والدین سچے جذبے اور صادق رشتے کا نام ہے،جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی بہترین تعلیم و تربیت کی بنا پر آج میں اس مقام پر ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ والد مرحوم نے میری بہترین تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دی جبکہ والدہ صاحبہ نے بھی ہر موقع پر میری رہنمائی کی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو پوری دنیا میں والدین کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کامقصد بچوں کے لیے والدین کی بے لوث محبت اور اس تعلق کو پروان چڑھانے کے لیے ان کی زندگی بھر کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد اس بات کا اعتراف کرنا ہے کہ والدین بچوں کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔