• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینیئل پرل کیس میں سندھ حکومت کی استدعا مسترد


سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کیس میں سندھ حکومت کی ملزمان کی رہائی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سندھ حکومت کی ملزمان کی رہائی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پر سماعت کی، جسٹس منظور ملک نے درخواست کی سماعت کے دوران سندھ حکومت کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ سزا معطلی کی درخواست میں اٹھائے گئے نکات غیر متعلقہ ہیں۔

جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دیئے کہ سب سے پہلے آپ کو ڈینیل پرل کے اغوا ءکو ثابت کرنا ہوگا، آپ کو بتانا پڑے گا کہ اغوا ء برائے تاوان کے لیے امریکی صحافی کو قتل کیا گیا اور فوجداری شقوں کے تحت ٹرائل کورٹ نے سزا نہیں دی ۔

عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ان نکات کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ؟آپ جن فارنزک شواہد پر انحصار کر رہے ہیں ہم ان کا بھی جائزہ لیں گے۔

کیس میں جسٹس منظور ملک نے کہا کہ سندھ حکومت کا دعویٰ ہے کہ راولپنڈی میں سازش تیار ہوئی، راولپنڈی میں کیا سازش ہوئی یہ بھی شواہد سے ثابت کرنا ہوگا۔

عدالت نے کہا کہ جائزہ لینا ہوگا اعترافی بیان اور شناخت پریڈ قانون کے مطابق تھی یا نہیں؟ حقائق کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر سندھ حکومت نے ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی جس پر عدالت کی جانب سے درخواست کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین