پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے جہاں مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن اور جنگ گروپ کو سچ بولنے اور سچ دکھانے کی سزا دی جارہی ہے۔
لاہور
ایڈیٹر ان چیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ڈیوس روڈ لاہور پر کئی ہفتوں سے احتجاجی کیمپ لگایا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رہنما عزیزہ سعید، سول سوسائٹی کے عبداللّٰہ ملک اور سینئر صحافیوں نے اظہار یکجہتی کے لیے کیمپ میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
پشاور
میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف پشاور میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں صحافیوں، میڈیا ورکرز اور ہوٹلز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر حبیب اللّٰہ زاہد نے شرکت کی۔
اس موقع پر حبیب اللّٰہ زاہد کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے حراست میں رکھا گیا ہے، میر شکیل الرحمٰن اور جنگ گروپ کو سچ دکھانے اور بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
کوئٹہ
جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے کوئٹہ میں جنگ دفتر کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں جنگ گروپ کے صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی جنہوں نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی اور رہائی کا مطالبہ کیا۔
نواب شاہ
نواب شاہ میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف صحافیوں نے مارکیٹ چوک میں مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔