• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزارہ قوم کے قبائلی رہنماء شرپسندوں کو حوالہ حکومت کریں، رشید ناصر

کوئٹہ ( آن لائن )عوا می نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصرنے گزشتہ روز ہزارہ ٹائون میں پیش آنے والے واقعے میں شہید ہونے والے بلال کے گھر گئے اور ان کے خاندان سے تعزیت کی اور اس سفاکانہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کیساتھ اس طرح سلوک کرنا توہین انسانیت ہے، رشید خان ناصر نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ تشدد،انتہاء پسندی اور دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور اس کیخلاف ہمیشہ میدان عمل میں بھی نظر آئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹائون میں جس طرح بے گناہ انسانوں کیساتھ دہشتگردی کا عمل کیا گیا وہ قابل گرفت اور حکومت اورانتظامیہ کو چاہیے کہ وہ گرفتار ملزمان سے مزید ملزموں کی گرفتاری کیلئے راستہ ہموار کرے اور ملزموں کو سخت سزا دے تاکہ آئندہ پھر کوئی ہمارے پرامن شہر کی فضاء کو خراب کرنے کی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کی سیاسی جماعتوں ان کے قبائلی اور سیاسی قائدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خود اپنے قوم کا جرگہ بلائیں اور اس واقعے کی نہ صرف مذمت کریں بلکہ ہزارہ قوم کے پارٹی رہنماء سیاسی اور قبائلی رہنماء خود اس واقعے میں ملوث ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے شر پسندوں کو حکومت اور پولیس کے حوالے کریں، جس سے شہر کی خراب فضا پر امن رہنے میں مدد مل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ اے این پی جو پشتونوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے، پارٹی نے ہمیشہ انسانوں اورقوموں کے درمیان امن اور بھائی چارے کی سیاست کی ہے لیکن جس قوم کے ساتھ بھی ظلم اور جبر ہوا ہے اس پر اے این پی نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے، اے این پی ہزارہ ٹائون میں پیش آنے والے واقعے میں متاثرہ پشتون خاندانوں کے ساتھ ہے اور اس مسئلے کا واحد حل تمام ملزموں کو قرار واقعی سزا دینے میں ہے۔
تازہ ترین