• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ‘خیبر پختونخوا پولیس کیلئے آن لائن ٹریننگ پروگرام کا فیصلہ

پشاور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کویڈ 19- کے دوران پولیس فورس کے اہلکاروں کو آن لائن پولیس ٹریننگ پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان پولیس کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن ٹریننگ پروگرام ہوگا یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹر ل پولیس آفس پشاور میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفسروں،پولیس ٹریننگ سکولز کے پرنسپلز اور سپشلائزڈ ٹریننگ سکولز کے ڈائریکٹرز کے ساتھ آن لائن کانفرنس کے دوران جاری کیں جس میں پولیس ٹریننگ سکولوں میں فورس کے جوانوں کو کورونا وائرس کی وباء کے دوران مرحلہ وار ٹریننگ دینے کے مختلف طریقوں پر غور وخوض کیا گیا۔ پہلی تجویز کے مطابق خصوصی تربیت کے لیے منتخب ہونے والے جوانوں کے لیے کورونا کا ٹیسٹ لازمی ہوگا ۔ اور منفی ٹیسٹ رکھنے والے جوانوں کو ٹریننگ سکولوں میں عملی طور پر بلایا جائیگا جہاںانہیں کورونا وائرس کی وباء سے متعلق جاری کردہ حکومتی حفاظتی اقدامات سے متعلق اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے تحت سماجی فاصلے کے ساتھ کلاسوں میں بٹھا کر تربیت کے مراحل سے گزارا جائیگا ۔اس طریقہ کار کے مطابق کلاس میں لیکچر دینے والا انسٹرکٹر ضرورت کے تحت موبائل ایپ کی مدد سے زیر تربیت جوانوں کو لیکچر دے گا۔ اسی طرح شرکاء کی تعداد، تربیت کا دورانیہ اور آن لائن ٹریننگ کی ضروریات کا بھی جائیزہ لیا گیا۔کانفرنس میںدوسری تجویز کے مطابق پولیس اہلکاروں کو اُن کے گھروں سے موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن ٹریننگ فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں بعض جگہوں پر موبائل سروس، انٹرنیٹ کی دستیابی وغیرہ سے متعلق پیش آنے والے مسائل و مشکلات کا بھی جائیزہ لیا گیا۔آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے طویل غور وخوض کے بعد پولیس فورس کے اہلکاروں کو ان کے گھروں پر آن لائن موبائل ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں کو اس فیصلے کی روشنی میں اپنی اپنی تیاریاں مکمل کرنے اور تمام ٹیکنیکی مراحل خوش اسلوبی سے طے کرکے جوانوں کے لیے آن لائن تربیتی پروگرام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ پاکستان پولیس کی تاریخ میں جوانوں کو گھروں پر آن لائن موبائل ٹریننگ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ واضح رہے کہ ان سروس تربیتی پروگرامز پولیس اہلکاروں کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اورنت نئے چیلنجوں سے بطریق احسن نمٹنے کے لیے رگوں میں دوڑنے والے خون کے مترادف ہیں اور کورونا وباء کی کی وجہ سے جوانوں کی تربیت کا پروگرام بُری طرح متاثر ہو کر رہ گیا تھااور یہ ضروری ہو چکا تھا کہ جوانوں کے لیے تربیتی پروگرام کو نئے حالات کے تقاضوں کے اندر رہتے ہوئے جاری و ساری رکھا جائے۔
تازہ ترین