• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی سیاہ فام کی ہلاکت، پریانکا چوپڑا کو صارفین نے بھارتی مظالم یاد دلادیئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں سیاہ فام شخص کی پولیس آفیسر کے ہاتھوں ہلاکت پر جہاں دنیا بھر میں غصہ پایا جاتا ہے وہیں اس معاملے پر بات کرنے پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے یہاں تک کہ انہیں منافق ترین اداکارہ قرار دے دیا گیا ہے۔ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی اس واقعے کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سب خود کو اس بارے میں آگاہ کریں اور اس نفرت کا خاتمہ کریں۔ آپ جہاں بھی رہتے ہوں، جیسے بھی حالات ہوں لیکن کوئی بھی مرنے کا مستحق نہیں ہے خاص طور پرکسی کے ہاتھوں جلد کی رنگت کی وجہ سے۔تاہم پریانکا چوپڑا کو اس پوسٹ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور لوگ انہیں منافق قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ امریکی سیاہ فام شخص کی ہلاکت پر بولنے والی پریانکا چوپڑا مظلوم کشمیریوں اور اپنے ہی ملک بھارت میں موجود مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر خاموش کیوں ہے؟مخلص المومنین نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے پریانکا کی منافقت کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ پریانکا چوپڑا امریکا میں تو نسل پرستی کا خاتمہ چاہتی ہیں لیکن بھارت میں اسلاموفوبک حملوں سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔روی رتن نامی شخص نے پریانکا کو سب سے بڑی منافق اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا بھارت میں دلت مخالف مظالم کے بارے میں خاموش رہیں لیکن امریکا میں نسل پرستی کے بارے میں بات کررہی ہیں۔ پریانکا امریکا میں اقلیت اور گہری رنگت کا کارڈ کھیلتی ہیں لیکن بھارت میں رنگ گورا کرنے والی کریمیں بیچتی ہیں۔
تازہ ترین