• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت آگ سے نہ کھیلے، مہم جوئی کے نتائج سنگین ہوں گے، پاکستانی فوج ویسا ہی جواب دے گی جو بھارت گزشتہ سال دیکھ چکا، بھارتی الزامات جھوٹے، فوجی ترجمان

’بھارت آگ سے نہ کھیلے، مہم جوئی کے نتائج سنگین ہوں گے‘


کراچی (ٹی وی رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت آگ سے نہ کھیلے، بھارت کی مہم جوئی کے سنگین نتائج ہوں گے جنہیں کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوگا، پاکستان کی مسلح افواج ویسا ہی جواب دیں گی جس کا مظاہرہ بھارت پچھلے سال دیکھ چکا ہے، بھارت نے پلواما ٹو کا ڈراما بھی کرلیا۔

بھارت کا ان ساری کارروائیوں کا مقصد پاکستان کیخلاف مہم جوئی کیلئے اسٹیج تیار کرنا ہے، ہمارے وزیراعظم اور آرمی چیف بہت پہلے کہہ چکے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

بھارت کو چین، نیپال، معیشت اور کورونا سمیت کئی محاذوں پر ہزیمت کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کے اقدامات بیک فائر کرگئے، بھارتی قیادت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا ذریعہ پاکستان کیخلاف مہم جوئی کو سمجھتی ہیں۔

بھارت نے جارحیت کا ارتکاب کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت نے پاکستان پر عجیب و غریب قسم کے الزامات لگائے جو جھوٹے ثابت ہوئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ 

پروگرام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف اور دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان بھی شریک تھے۔ 

معید یوسف نے کہا کہ نریندر مودی جس راہ پر چل پڑا ہے وہ خودکشی کا راستہ ہے،ایڈوولف ہٹلر اور نریندر مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیا تو بھرپور جواب دیں گے، بھارت اپنی شرمندگی چھپانے کیلئے بالاکوٹ کی طرح مزید شرمندہ ہوناچاہتا ہے تو ویلکم کرتے ہیں، ہندوستان نے یکطرفہ اقدامات کر کے شملہ معاہدہ ختم کردیا ہے۔ 

میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ یقین ہے بھارت آزاد کشمیر کے اندر کوئی مہم جوئی کرے گا، انڈین فوج چینی فوجیوں سے ٹھڈے کھا کر پاکستان پر غصہ نکالنا چاہتی ہے، پاکستان قومی اسمبلی میں شملہ معاہدے پر نظرثانی کرے۔ 

ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رواں سال بھارت کی طرف سے 1229مرتبہ سیز فائر خلاف ورزی کی جاچکی ، ایل او سی پر 22سویلین شہید اور 90سے زائد زخمی ہوئے۔

پاکستان نے حال ہی میں بھارتی کواڈ کاپٹر ز مار گرائے ہیں، سینئر بھارتی فوجی قیادت بار بار مبینہ لانچ پیڈ سے دراندازی کی بات کرتی ہے ، دراندازی کی یہ بات بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان چھوڑتی ہے۔

دنیا کے سب سے زیادہ ملٹرائز زونز میں شامل علاقے میں کوئی کیسے دراندازی کررہا ہے، بھارت نے اپنی آرٹلری مقبوضہ کشمیر کے سول علاقے میں تعینات کی ہے تاکہ جوابی کارروائی ہو تو سویلین کو بھی نقصان پہنچے۔ 

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہے، ہماری پوری کوشش ہوتی ہے جوابی کارروائی میں ایل او سی کے پار شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔

بھارت نے پاکستان پر عجیب و غریب قسم کے الزامات کی بوچھاڑ کی، بھارت نے اپنے ملک میں کورونا پھیلنے کا الزام پاکستان پر لگا دیا، بھارت نے پلواما ٹو کا ڈرامہ بھی کرلیا ، اس ڈرامے میں بھارت نے رات کو ایک گاڑی پکڑی جس میں بقول ان کے دھماکا خیز مواد بھی تھا۔

بھارت کا کہنا ہے ایک شخص گاڑی سے نکل کر فرار بھی ہوگیا، ساری رات گاڑی کھڑی رکھی گئی اور اگلے دن سورج کی روشنی میں آبادی کے اندر اس گاڑی کو تباہ کردیا گیا تاکہ کوئی ثبوت نہ مل سکے۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کئی بار کہہ چکے ہیں بھارت فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کررہا ہے،پلواما ٹو سے چند دن پہلے وزیراعظم کا بیان آیا تھا کہ ایک فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ 

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت کو کئی محاذوں پر شرمندگی کا سامنا ہوا جس سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف مہم جوئی کی جارہی ہے، بھارت کو چین، نیپال، معیشت اور کورونا سمیت کئی محاذوں پر ہزیمت کا سامنا ہے۔

بھارت کو چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے معاملہ پر سخت شرمندگی کا سامنا ہے، چینی فوج وہاں تین کلومیٹر اندر چلی گئی ہے، راج ناتھ نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر سوال کی اہمیت کم ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

بھارت نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی بھارت کو بڑی شرمندگی ہوئی ہے، بھارت میں کورونا بری طرح پھیل رہا ہے معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھی پانچ اگست کے بعد بھارت کے اقدامات بیک فائر کرگئے۔

متنازع شہریت قانون کے بعد بھارت میں اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ہر فورم پر اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، بھارتی قیادت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا ذریعہ پاکستان کے خلاف مہم جوئی کو سمجھتی ہے۔ 

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف کوئی جارحیت کی تو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

تازہ ترین