• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ، انجن اور لینڈنگ گیئر ابھی تک ملبے سے نہیں نکالے جاسکے

طیارہ حادثہ، انجن اور لینڈنگ گیئر ابھی تک ملبے سے نہیں نکالے جاسکے 


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) 22 مئی کو کراچی میں ائیرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی کے علاقے میں تباہ ہونے والے جہاز کے اہم ترین حصے انجن اور لینڈنگ گیئر ابھی تک ملبے سے نہیں نکالے جاسکے ہیں ۔ جہاز کے یہ حصے مکانوں کی بالائی منزلوں پر کچھ اس طرح سے پھنس گئے ہیں کہ انہیں نکالنے کی صورت میں مکانات کے گرنے کے خدشات ہیں ۔ پی آئی اے نے ملبے سے طیارے کے ان حصوں کو نکالنے کے لیے سول انجینئرز کی خدمات بھی حاصل کی تھیں مگر ابھی تک ساری کوششیں بے سود رہیں ۔ تباہ ہونے والے طیارے A 320 کا ایک انجن اور لینڈنگ گیئر کا کچھ حصہ ایک مکان کی بالائی منزل پر موجود ہے۔ یہ مکان پی آئی اے کے ایک سینئر پرسنز کی ملکیت ہے ۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے ٹیکنیکل گراونڈ سپورٹ، انجینئرنگ اور سی اے اے کی ٹیمیں تعمیراتی ماہرین کے ہمراہ حکمت عملی بنارہی ہے۔طیارے کے انجن کی چھت سے دیگر ملبے کے ساتھ منتقلی کے بعد ڈائی گرام ترتیب دیا جائے گا۔ڈائی گرام کی ترتیب کے بعد کراچی میں موجود اے اے آئی بی کی ٹیمیں اس پر مزید تحقیقات کریں گی ۔

تازہ ترین