• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس ،سندھ پولیس کا مزید ایک اہلکارجاں بحق، افسران اور اہلکاروں کی تعداد 8 ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کورونا وائرس سے متاثر سندھ پولیس کا مزیدایک اہلکارجاں بحق ہوگیا ، جس کے بعد صوبہ سندھ کے پولیس افسران او اہلکاروں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ 5 اعلی پولیس افسران سمیت فرنٹ لائن فائٹرز فورس کے کورونا وائرس کا شکار اہلکاروں کی تعداد 409 ہوگئی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ان کے ڈسٹرکٹ میں ہی ڈیوٹی کے لیے آئے ہوئے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے کمانڈو راشد بھی کورونا وائرس کے باعث بدھ کی صبح انتقال کر گئے، پولیس کمانڈو راشد کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے لاک ڈان کے دوران فیلڈ کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔پولیس ذرائع سے ملنے والے سندھ پولیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی دوپہر تک صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمان کی تعداد 409 ہوگئی ہے جن میں سے 133 پولیس افسران اور اہلکار اس عالمی وبا سے صحتیاب ہوگئے ہیں ،جبکہ 8 پولیس اہلکار انتقال کرچکے ہیں،پولیس ذرائع کے مطابق سندھ کے 5 سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 269 پولیس ملازمان ابھی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں جو مختلف اسپتالوں، میڈیکل سنٹرز یا اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد 251 کراچی پولیس میں ہے، کراچی پولیس چیف کے مطابق کراچی کا کورنگی ضلع اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پولیس کے ضلعی سربراہ سمیت 80 سے زیادہ زائد پولیس اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں،پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کورنگی کے شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او سمیت 22 پولیس اہلکاروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں اور ان تمام کو آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین