• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پیٹرول کی عدم دستیابی پر عوام پریشان



ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے کراچی میں پیٹرول کا بحران نظر آرہا ہے اور شہر کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق صارفین کو کئی کئی پمپس کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں اور جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں لمبی قطاریں بھی موجود ہیں۔ 

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سمیر گلزار کا کہنا ہے کہ پی ایس او پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کر رہا ہے، جبکہ کچھ کمپنیوں نے سستا تیل خریدا نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں کچھ کمپنیاں انونٹری گین کے لئے پیٹرول فروخت نہیں کررہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی پیٹرول کی قلت تاحال برقرار ہے، شہر کے بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپوں میں پیٹرول دستیاب نہیں ہے، پیٹرول پمپ بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔

کوئٹہ شہر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا آج چوتھا روز ہے، شہر کے کئی علاقوں میں قائم پٹرول پمپ بند ہیں اور پیٹرول دستیاب نہیں ہے،جس سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کےبعد سےکئی علاقوں میں پیٹرول پمپ بند ہیں، پیٹرول کےلئے مختلف پیٹرول پمپوں کے چکر لگانا پڑ رہے ہیںاور جہاں کھلے ہیں ان پیٹرول پمپوں پر بھی محدود پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔؎

پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی سپلائی میں کمی کے باعث قلت کا سامنا ہے، دوسری جانب صدر پیٹرول ڈیلرز ایسو سی ایشن قیام الدین کے مطابق مختلف نجی کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیداکی گئی ہے۔

اوگرا نے وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان میں پٹرول کی مصنوعی قلت کانوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین