• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ٹوسیلوماب‘بنانے والی کمپنی کے مابین ایک انجکشن کی قیمت پر اتفاق

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب اور انسداد کورونا کی دوا ’ٹوسیلوماب‘بنانے والی کمپنی کے مابین ایک انجکشن کی قیمت پر اتفاق ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوسیلوماب کے ٹرائلز کے بعد باقاعدہ استعمال سے اب کورونا وائرس کے مریضوں میں مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے زیر صدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پلازمہ تھراپی، آئی سی یوز، ایچ ڈی یوز، آپریشن رومز، وینٹی لیٹرز کی تعداد و دیگر طبی سہولیات کاجائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور سرکاری ملازمین کیلئے بیڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کورونا وائرس کے مریضوں کی خدمت کررہے ہیں، کورونا وائرس کا شکار ہیلتھ پروفیشنلز کے بہترین علاج کو یقینی بنایاجارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا تھا کہ پنجاب میں طبی ماہرین کی مشاورت سے نئی دوائی ٹوسیلوماب کے ٹرائلز جاری ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ٹوسیلوماب کے ٹیکے لگانے سے ابھی تک میو ہسپتال سے دس مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، ٹوسیلوماب کی قیمت ایک لاکھ بیس ہزار روپے ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے اس انجیکشن کو کورونا وائرس کے زیادہ حالت بگڑنے والے مریضوں کے علاج کیلئے بڑی تعداد میں خرید لیا ہے۔

تازہ ترین