• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، پاکستان مزید اوپر، 17 واں نمبر، ڈاکٹر سمیت 82 جاں بحق، پنجاب اور پختونخوا میں مارکیٹس، دکانیں سیل

کورونا، پاکستان میں ڈاکٹر سمیت 82 جاں بحق


کراچی / لاہور ( جنگ نیوز / نمائندگان جنگ) کورونا وائرس کے کیسز کے حساب سے پاکستان عالمی درجہ بندی میں مزید اوپر آگیا ہے اور چین کے 83ہزار کیسز کے مقابلے 87ہزار 476؍ کیسز کے ساتھ پاکستان 17ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ شہر شہر گلی گلی نئے مریض سامنے آنے لگے ہیں اور گزشتہ روز ملک بھر میں لاہور کے ڈاکٹر سمیت 82؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

ایسوس ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود لاہور کے سروسز اسپتال میں شعبہ اینستھیزیا سے وابستہ تھے۔ ملک میں مجموعی اموات 1811ہوگئیں جبکہ 4184؍ نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں ، اب تک 30128؍ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری ، ان کے والدین ، اہلیہ اور 2بیٹیاں بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ 

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید بھی کورونا وائرس کاشکار ہوگئے ۔ لاہور کے کیسز بڑھنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پرپنجاب اور خیبرپختونخوا میں مارکیٹیں، دکانیں سیل کردی گئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 82 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1811 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کرکے 87476 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 30128 افراد صحت یاب ہوگئے۔ 

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد چین سے تجاوز کرگئی۔ آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 4184 کیسز اور 82 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، متاثرہ مریضوں میں مجموعی تعداد 87 ہزار سے تجاوز کرگئی ۔ 

ملک میں کورونا سے مزید 82 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1811 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کرکے 87476 تک پہنچ گئی ہے۔ 

اب تک سندھ میں 575 اور پنجاب میں کورونا سے 607 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 521 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 51 ، اسلام آباد 38، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

جمعرات کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 4184 کیسز اور 82 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 1615 کیسز اور 37 ہلاکتیں، سندھ 1667 کیسز 20 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 517 کیسز 21 ہلاکتیں، اسلام آباد 356 کیسز 4 ہلاکتیں، گلگت بلتستان سے 28 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ سندھ میں کوورونا وائرس کے 1667 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور مزید 20 مریض انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا ہے کہ سب سے زیادہ 8390 ٹیسٹ کئے گئے جن کے نتیجے میں 1667 نئے کیس سامنے آئے جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا مجموعی 20 فیصد ہے۔

تازہ ترین