• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی یوم ماحولیات،پاک بحریہ کی جانب سے ویڈیو جاری


ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کا انعقادکیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سےعالمی یوم ماحولیات پر آگہی کے فروغ کے لیے معلوماتی ویڈیو جار ی کی گئی،ویڈیو میں ماحول کےتحفظ میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر عملی کاوشوں کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے رواں برس عالمی یوم ماحولیات کا عنوان 'حیاتیاتی نظام کا تنوع یعنی زمینی اور زیرآب حیات کی اعانت مقرر کیا گیا ہے۔

نیول چیف نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا  کہ پاک بحریہ ملکی آبی سرحدوں کے علاوہ حیاتیاتی اور آبی حیاتیاتی ماحول کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اپنے افسران جوانوں اور عوام میں ماحول اور حیاتیاتی نظام کے تحفظ اور استحکام کے حوالے سے آگہی کے فروغ میں سرگرم ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاک بحریہ کے زیر اہتمام صاف ماحول کی اہمیت اور ضروری اقدامات پر لیکچرز اور بندر گاہ کی صفائی مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی مینگرووز اگاؤ مہم بھی آبی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے ایک اہم قدم ہے۔

پاک بحریہ ملک کی ساحلی پٹی پر اب تک سات (07) ملین سے زائد مینگرووز لگا چکی ہے۔

تازہ ترین