• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک عملی طور پر آئی ایم ایف کا زیلی دفتر بنا دیا گیا ہے، نیربخاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستانی آئی ایم ایف ملازمین کو تعمیلی احکامات دے رہا ہے، ملک عملی طور پر آئی ایم ایف کا زیلی دفتر بنا دیا گیا ہے۔

سابق سینیٹر نیر بخاری نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) پاکستانی آئی ایم ایف ملازمین کو تعمیلی احکامات دے رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی قومی و ملکی مفاد کے خلاف کسی بھی نئےحکمنامے کو تسلیم نہیں کرے گی۔

نیربخاری نے کہا ہے کہ معاشی عدم استحکام کے ذمہ دار نالائق، نااہل، ناسمجھ حکمران ہیں، قوم کے نجات دہندہ بننے کے جھوٹے دعویدار درحقیقت ’ آئی ایم ایف‘ کے کارندے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملکی خزانے کی کنجیاں اور معیشت پہلے ہی آئی ایم ایف کے حوالے اور گروی ہیں۔

نیربخاری کا کہنا تھا کہ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں، حکمران وزرا معاونین کی فوج ظفر موج بھرتی کر رہے ہیں، تبدیلی سرکار کو ’1 کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر‘ کے وعدے یاد دلاتے رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں بھی تنخواہوں میں سو فی صد سے زائد اضافہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ  آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بجٹ میں 1150 ارب روپے کی مالیاتی ایڈجسٹمنٹ کرے تا کہ بنیادی خسارہ کم کیا جاسکے ۔

آئی ایم ایف اسٹاف نے تجویز دی ہے کہ تمام غیرترقیاتی اخراجات بشمول تنخواہیں اور دفاعی اخراجات کو منجمد کردیا جائے۔

تازہ ترین