• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا میں اضافہ، مریض91 ہزار، ایک دن میں 4 ہزار سے زیادہ کیسز

ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا میں اضافہ، مریض91 ہزار


کراچی، پشاور، لاہور (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) ہرگزرتے دن کے ساتھ کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک میں روزانہ تقریبا4؍ ہزار کورونا مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے، جمعہ کو کورونا کیسز کی تعداد 91؍ ہزار سے بڑھ گئی، قومی اسمبلی کے 30؍ ملازمین بھی کورونا سے متاثر ہوگئے۔

سندھ پولیس کے 440؍ اہلکاروں کا بھی ٹیسٹ مثبت آگیا، کراچی کی انتظامیہ ایس او پیز کی خلا ف ورزی کرنے والوں کیخلاف متحرک ہوگئی ہے، انتظامیہ نے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور پشاور سمیت کئی شہروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانوں، مارکیٹوں اور پٹرول پمپس سیل کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 88 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1899 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 91365 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سندھ میں 615 اور پنجاب میں کورونا سے 629 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 541 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسکے علاوہ بلوچستان میں 54 ، اسلام آباد 41، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 638323؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 31198؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جمعہ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 3889 کیسز اور 88 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں، سندھ سے 312 کیسز 40 اموات، خیبر پختونخوا سے 569 کیسز اور 20 ہلاکتیں، بلوچستان 552 کیسز 3 ہلاکتیں، اسلام آباد 402 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ سے جمعے کو کورونا کے مزید 312 کیسز اور 40 اموات سامنے آئیں جسکی محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی۔

یہ سندھ میں اب تک ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 34889 اور اموات 615 ہوگئی ہیں۔ آج جمعہ کو سندھ میں کورونا کے مزید 40مریض جاں بحق ، 1353 نئے کیس سامنے آئے گئے۔ یہ سندھ میں اب تک ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 370 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 62 مریضوں کووینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 1005 مریض صحت یابہوگئے جسکے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 17787 ہوگئی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1353 نئے کیسوں میں سے 984 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ضلع شرقی 282 ، ضلع وسطی 204، ضلع جنوبی 162 ، ضلع ملیر 148 ، ضلع کورنگی 108 اور ضلع غربی 80 شامل ہیں۔ دیگر اضلاع سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حیدرآباد میں 70 ، گھوٹکی 41 ، سکھر 26 ، خیرپور 25 ، جیکب آباد 17 ، لاڑکانہ 14 ، میرپورخاص 12 ، جامشورو اور سانگھڑ 11 ، ٹنڈو محمد خان اور کشمور 6-6، نوشہرہ فیروز 3، بدین دادو ، قمبر اور شکارپور میں 2-2 جبکہ سجاول اور ٹھٹھہ ایک ایک نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ جمعہ کو پنجاب سے کورونا کے مزید 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33144 اور ہلاکتیں 629 ہوگئی ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7806 ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد کے مطابق صوبے میں مزید 552 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔ بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5776 ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 54 ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2110 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد سے جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 402 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

جس کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 3946 ہوگئی ہے جبکہ اموات 41 ہو چکی ہیں۔ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 629 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں جمعہ کو کورونا کے مزید 14 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔ جسکے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 299 ہوگئی ہے جبکہ علاقے میں اب تک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 182 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں جمعے کو مزید 569 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 20 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 541 تک جا پہنچی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 569 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جسکے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 12459 ہوگئی۔

صوبے میں اب تک 3366 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جمعے کو کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم جمعرات کو 28 نئے کیسز سامنے آئے تھے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 852 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق کورونا سے اب تک 12 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 541 ہے۔ دریں اثناء تین روز کے دوران قومی اسمبلی کے کورونا وائرس سے متاثرہ ملازمین کی تعداد 30 سے زائد ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے مزید 10 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جسکے بعد قومی ادارہ صحت نے رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کر دی ہے۔

ادھر سندھ پولیس کے اہلکاروں میں کورونا مثبت کیسز کی تعداد440تک پہنچ گئی۔کورونا متاثر پولیس اہلکاروں میں زیادہ تر کا تعلق کراچی پولیس سے ہے،پولیس ریکارڈ کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے کے بعد 122پولیس اہلکار صحت یاب ہوئے جبکہ 7پولیس اہلکار کورونا وائرس کے باعث شہید ہوئے۔ دریں اثناء ایس او پیز کی خلا ف ورزی کرنے والوں کیخلاف کراچی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔

کمشنر کراچی کی مارکیٹ ایسو سی ایشنوں اور تاجروں کو کمشنر کراچی افتخار شالوا نی نے کہا ہے کہ پابندی کے باوجود دکانیں کھولنے والوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی تمام ڈپٹی کمشنرز حکومت کے احکامات پر عمل کرائیں۔

ادھر ضلعی پنجاب میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد لاہور میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔ ضلعی حکام اور پولیس افسران نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور جن دکانوں پر اس کی خلاف ورزی کی گئی انہیں سیل کردیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمجموعی طور پر 175 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرصنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمدکی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنروں نے مختلف بازاروں،مارکیٹوں اور مالز کا معائنہ کیا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24دکانداروں کو وارننگ جاری کی جبکہ 44ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ اسی طرح مسافر گاڑیوں میں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 11گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے تدارک کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں490دکانیں،16بس اڈے ، 37صنعتی یونٹس اور46پٹرول پمپس سیل کرتے ہوئے عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کے جرم میں488افراد کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

صوبہ بھر میں 2731 دکانوں، 14مارکیٹوں،8بس اڈوں، 198گاڑیوں اور 79 پٹرول پمپس کو جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر جرمانوں کی مد میں17لاکھ چار ہزار روپے صوبائی خزانے میں جمع کئے گئے ہیں۔

تازہ ترین