• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا، نارتھ ویسٹ میں وائرس سے زیادہ اموات، صرف 8 فیصد اسکولز کھل سکے

بری مانچسٹر(خورشید حمید) حکومت کی طرف سے ترجیحات کی بنیاد پرا سکول کھولنے کے فیصلے کے باوجود نارتھ ویسٹ میں محض 8 فیصد سکول کھل سکے جو برطانیہ میں کم از کم سطح ہے - یادرہے کہ حکومت نے یکم جون سے نرسری ’ ریسپشن اور سال اول سے سال ششم تک کے بچوں کی سکولوں میں واپسی کا عندیہ دیا تھا - سکولوں میں حاضری کم ہونے یا سکول زیادہ تعداد میں نہ کھلنے کی ایک وجہ یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ کچھ سکول ہاف ٹرم کی وجہ سے بند ہیں جبکہ کئی سکولوں نے یکم جون کی تاریخ کو بہت جلدی قرار دیا ہے -تاہم نیشنل ایجوکیشن یونین کے سروے کے مطابق انگلینڈ میں بہت سے سکول کھلے بھی ہیں -البتہ جو سکول کھلے ہیں ان میںسارے انگلینڈ میں بچوں کی ریسپشن سے لے کر سال اول تا سال ششم حاضری بارہ فیصد تک رہی ہے جبکہ نارتھ ویسٹ میںیہ شرح آٹھ فیصد ہے -گو تحفظ کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں لیکن یہ بھی ذہن میں رہے کہ نارتھ ویسٹ میں کرونا وائرس کے باعث بہت زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے والدین بچوں کو سکول بھیجتے ہوئے ڈرتے ہیں-نارتھ ویسٹ میں کرونا وائرس کے ایک لاکھ میں سے 2.53 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ میں جہاں حکومت کی ہدایت کے مطابق 48فیصد سکول کھلے ہیں وہاں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ 0.56 رہا ہے - گریٹر مانچسٹر میں سکول کھلنے کے اعداد و شمار کم ہیں - ماضی میں سکول محض کی ورکرز اور خصوصی ضرورت والے بچوں کے لئے کھولے گئے تھے لیکن اب یہ عام بچوں کے لئے بھی کھولے گئے ہیں -بولٹن میں 52سکول کھلے ہیں جبکہ بری میں یہ اعداد و شمار محض 3 فیصد ہے - یادرہے کہ بری کے ہیڈ ٹیچروں نے قبل ازیں سکول کھولنے کو خطرناک قرار دیا تھا - ادہر نیشنل ایجوکیشن یونین کے ریجنل سیکرٹری پیٹر مڈلمین نے کہا ہے کہ ہماری تمام برانچیںمئی کے وسط سے اس معاملے پر کام کر رہی تھیں کہ سکول صرف اسی وقت کھولے جائیں جب انہیں کھولنا بچوں اور سٹاف کے لئے محفوظ ہو - ملازمین ’ گورننگ باڈیز اور ہیڈ ٹیچروں کی اکثریت نے ہماری اس تجویز کی حمایت کی تھی جبکہ انفیکشن ریٹ اس ریجن میں اس قدر زیادہ ہے کہ پیر کے روز سکول کھولناخطرناک ثابت ہو سکتا ہے -ہم پندرہ جون تک کمیونٹی کو اس بارے میں مشاورت دیتے رہیں گے کہ سکول اسی وقت کھولے جائیں جب ایسا کرنا محفوظ ہو- حتیٰ کہ سکول بند رکھنے کی تجویز موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد تک بھی جا سکتی ہے -ہم بچوں کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں - سکولوں کو خود اس معاملے میں غور کرنا ہو گا - انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ بعض کونسلیں بچوں کے تحفظ کی بجائے مالی معاملات کو اہمیت دے رہی ہیں - ہمارے نزدیک بچوں کی صحت زیادہ ضروری ہے -ہیڈ ٹیچر سارجنٹ میجر نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم نے بھی اپنی تقریر میں یہی کہا تھا کہ گو یکم جون کو سکول کھولے جائیں گے لیکن ہو سکتا ہے کہ بعض سکول اتھارٹیوں کے لئے سکول کھولنا ممکن نہ ہوجبکہ محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ وہ بچوں کو ہاف ٹرم سے پہلے بتدریج سکولوں میں لائیں گے - اس پروگرام کی نگرانی بھی کی جائے گی اور اسے اسی صورت میں ممکن بنایا جا سکتا ہے اگر تحفظ کے تمام اقدامات کر لئے جائیں - دریں اثناءمحکمہ تعلیم کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سکولوں نے اس ہفتے ریسپشن اور سال اول سے سال ششم تک کے طلبا ءکو خوش آمدید کہا ہے اور ہم ان سکولوں کو ہر قسم کی مدد فراہم کریں گے جو کھل چکے ہیں - انہوں نے سکولوں کے ہیڈ ٹیچروں کو خراج تحسین پیش کیا جو بچوں اور عملے کے تحفظ کو ممکن بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین