• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی خاتون صحافی کی پی پی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ

امریکی خاتون صحافی کی پی پی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ


کراچی (ٹی وی رپورٹ)پاکستان میں مقیم امریکی خاتون صحافی سنتھیارچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پرسنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی، ایک وڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک پر زیادتی کرنے کا الزام لگا دیا۔

سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمن ملک نے 2011ء میں ان کا ریپ کیا جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اورحمن ملک وزیر داخلہ تھے، سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام لگایا۔

سنتھیا رچی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تب دست درازی کی جب وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔ سنتھیا رچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جارہے ہیں انہوں نے جو کچھ کہا اور سوشل میڈیا پر جو کچھ پوسٹ کیا اس کے بارے میں شواہد بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایف آئی اے کو گزشتہ جمعہ کو رپورٹ کردی ہے جس کے بعد سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی سے میرا براہ راست رابطہ ہے۔

اس سے پہلے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر Cynthia Ritchieنے الزام عائد کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ گزشتہ برسوں میں پارٹی کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنماؤں نے انہیں زیادتی اور جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ دنیا کو ان کے بارے میں کچھ علم ہوسکے۔

Cynthia Ritchieکا یہ دعویٰ بھی ہے کہ 2011ء میں انہوں نے امریکی سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا تھا تاہم اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مشکل صورتحال کے پیش نظر انہیں بہتر جواب نہیں ملا تھا جس کی توقع تھی۔

سنتھیارچی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کہیں نہیں جارہیں، ن لیگ کو بھی نہیں چھوڑوں گی ،اگلی باری ان کی ہے، انشاء اللہ ۔

تازہ ترین