• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب ملکوں کو ویکسین فراہمی کیلئے پونے 9 ارب ڈالر کے عطیات

کراچی (نیوزڈیسک)گیوی ویکسین الائنس نے کہا ہے کہ عطیہ دینے والے ملکوں، اداروں اور فلاحی تنظیموں نے 2025 تک غریب ملکوں کے عوام کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے اسے مجموعی طور پر 8 ارب 80 کروڑ ڈالر دینے کے وعدے کیے ہیں۔یہ وعدے لندن میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے جس کے لیے منتظمین نے 7 ارب 40 کروڑ ڈالر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ لیکن اعلان کردہ رقوم اس سے زیادہ ہوگئیں۔ ان رقوم سے دنیا کے غریب ترین ملکوں میں مزید 30 کروڑ بچوں کو خسرہ، پولیو اور خناق سے بچاؤ کی ویکسینز دینے میں مدد ملے گی۔ویکسین اتحاد نے جمعرات کو یہ بھی بتایا کہ اس نے کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کے لیے ابتدائی طور پر 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں۔ اس غرض سے اس کا ہدف 2 ارب ڈالر ہے۔ اجلاس کی میزبانی کرنے والی برطانوی حکومت سب سے زیادہ رقوم کا اعلان کرنے والوں میں شامل تھی۔ اس نے اگلے پانچ سال تک 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سالانہ دینے کا وعدہ کیا۔ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اس عرصے میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔ دوسرے بڑے عطیہ دہندگان میں ناورے، جرمنی اور امریکہ شامل ہیں۔بل گیٹس نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کے لیے صرف سائنس کافی نہیں۔ اس کے لیے سخاوت بھی ضروری ہے۔گیوی کے مطابق آٹھ حکومتوں نے پہلی بار ویکسین اتحاد کے لیے عطیہ دینے کا وعدہ کیا۔ ان میں بھوٹان، برکینافاسو، کیمرون، فن لینڈ، یونان، نیوزی لینڈ، پرتگال اور یوگنڈا شامل ہیں۔
تازہ ترین