کراچی (نیوز ڈیسک) سائنسدانوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف آکسفورڈ نے اینٹی ملیریل دوا ہائیڈروکسی کلوروکوین پر ٹرائل فوری طور پر روک دیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب انھیں معلوم ہوا کہ اس کا کووڈ۔19 کے مریضوں پر کوئی اثر نہیں ہو رہا۔ ریکوری ٹرائلز میں، جو کہ کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے متعلق تھا، کئی لائسنسڈ ادویات کو شامل کیا گیا جو دوسری بیماریوں کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ ان ہی میں ہائیڈروکسی کلوروکوین بھی شامل تھی۔ لیکن جمعرات کو ڈیٹا کا از سرِ نو جائزہ لینے کے بعد، چیف ریسرچرز نے فیصلہ کیا کہ ہائیڈروکسی کلوروکوین کے ٹرائل کو روک دیا جائے کیونکہ ان کے مطابق وہ اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کو بچانے میں کارآمد ثابت نہیں ہو رہی۔