• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند جماعتیں وفاقی اقدامات متنازع بنانا چاہتی ہیں، شبلی فراز

’چند جماعتیں وفاقی اقدامات متنازع بنانا چاہتی ہیں‘



اسلام آباد(اے پی پی ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا کی صورتحال کے حوالے سے عوام کو مکمل باخبر رکھا۔

این سی او سی میں جتنے فیصلے ہوئے اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شریک تھے، کچھ جماعتیں اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں، اور یہ وفاق کے اقدمات کو متازع بنانا چاہتی ہی، حکومت کرونا سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے پیپلز پارٹی کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔ 

وہ ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کا پھیلاو اب بھی ہمارے تخمینہ سے کم ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ تمام فیصلوں سے اتفاق کرتے ہیں لیکن کراچی پہنچ کر وزیر اعلی سندھ تمام فیصلوں سے انکاری ہوجاتے ہیں۔ 

انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے غیر معمولی چیلنج سے نمٹنے کیلئے الزامات لگانے سے پرہیز کریں۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی مشکلات کے باوجود حکومت نے بارہ سو ارب روپے مالیت کے غیر معمولی پیکج کا اعلان کیا تاکہ عالمی وبا سے متاثرہ معاشرے کے ہر طبقے کو امداد اور سہولت فراہم کی جاسکے۔انہوں نے اس عالمگیر وبا سے نمٹنے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ، ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے کے کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ 

پیپلزپارٹی قیادت کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کر دیا گیا ہے لیکن پھر بھی وفاقی حکومت کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لئے صوبوں کو سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کورونا سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے ہیں اور صنعتی شعبے اور ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کو معاونتی پیکج فراہم کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 1311 مارکیٹیں بند کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 850 سے زائد مقامات پر سمارٹ لاک ڈاو¿ن نافذ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین