• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، امریکا سے بیوقوف نہ بنے، ایک انچ زمین بھی نہیں چھوڑیں گے، بھارتی اور چینی جرنیلوں کی ملاقات

کراچی ، اسلام آباد( جنگ نیوز، نمائندہ جنگ) چین اور بھارت کے درمیان لداخ کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے کیلئے مختلف سطح پر بات چیت کے 12ادوار ناکام ،لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہا پر پہنچ گئی۔

چین نے کہا بھارت امریکا کے ہاتھوں بیوقوف نہ بنے، دونوں ممالک کے لڑاکا طیارے حرکت میں آگئے،چین نے اپنے کئی جدید ترین جنگی طیارے بارڈر کے اندر اڑائے، اس کے بعد بھارتی فضائیہ بھی حرکت میں آگئی ، چین جدید جنگی سازو سامان اور بھاری فوج لداخ بارڈ رپر لے آیا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق انڈین فوج نے مشرقی لداخ میں 60 کے قریب بوفورس توپیں ایل اے سی پر منتقل کردی ہیں، گزشتہ روزدونوں ملکوں میں لیفٹیننٹ جنرل کی سطح پرمذاکرات ہوئے۔

ذمہ دار سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ذرائع اور میڈیا کی رپوٹس کے مطابق چین نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اگر جنگ نہیں چاہتا تو ہمارے علاقے سے واپس چلا جائےہم کسی صورت اپنی سر زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے ،ہم اپنے علاقے لداخ سے دستبردا ر ہونے کیلئے تیا ر نہیں۔

بھارتی اور دیگر میڈیا کی رپوٹس کے مطابق چین کے جنگی طیارے لداخ میں گشت کر رہے ہیں، چین کی بڑے پیمانے پر جنگی تیاریوں نے مودی حکومت کے اوسان خطا کر دیئے ہیں۔

چین نے کئی ہزار فوجی بارڈر پر پہنچا دیئے اور ایک سو کے لگ بھگ کیمپس بنا دیئے ، زمین دوز کنکریٹ مورچے بھی بنائے جارہے ہیں، میڈیا کی رپورٹ کےمطابق ،چین کے طیارے بھارتی سرحد کے اندر بھی گھسے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے اپنے حلیف امریکا سے بھی رابطہ کیا مگر امریکا میں انتہائی سنگین حالات کی وجہ سے صدر ٹرمپ نے بھارت کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا ، بھارت کو اس وقت کسی ملک سے چین کیخلاف حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق چین کے فوجی حکام نے بھارت کو واشگاف الفاظ میں خبر دار کر دیا ہے کہ وہ ان کے مقبوضہ علاقے کو فوری خالی کر دے بصورت دیگر طاقت استعمال کر کے علاقے کو خالی کرایا جائے گا۔  

تازہ ترین