• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی آرٹسٹ کا جارج فلائیڈ کو خراجِ عقیدت

پاکستانی ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے امریکا میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

25 مئی کو منیسوٹا میں ایک امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف پوری دُنیا میں تحریک چلائی جا رہی ہے جس میں ہر ایک شخص سیاہ امریکیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا نظر آرہا ہے ایسے میں پاکستان کے ایک ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نےاپنی شاندار فنی صلاحیتوں سے جارج فلائیڈ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ٹرک آرٹسٹ حیدر علی شہر قائد کراچی میں مقیم ہے اور سیاہ فاموں کےحق میں اپنی آواز بلند کرنے کے لیے اس نے اپنی گھر کی دیواروں پر روایتی ٹرک آرٹ کے انداز میں جارج فلائیڈ کی پینٹنگز بنائی ہیں۔

حیدر علی نے جارج فلائیڈ کی پینٹنگز کے ساتھ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرک شاعری اور مشہور گانے کا ایک سطر بھی لکھا ہے:

گوروں کی نہ کالوں کی
دُنیا دل والوں کی

ہم کالے ہیں تو کیا ہوا
دل والے ہیں

جارج فلائیڈ کی پینٹنگز بنانے کے حوالے سے حیدر علی نے کہا کہ ’میرا یہ آرٹ ورک ناصرف جارج فلائیڈ بلکہ ناانصافی اور عدم مساوات کا مقابلہ کرنے والے ہر ایک شخص کو خراج تحسین و عقیدت پیش کرتا ہے۔‘

حیدر علی نے کہا کہ ’سیاہ کائنات کا ایک لازمی رنگ ہے کیونکہ ہم سیاہ آسمان کی وجہ سے ہی ستارے دیکھنے کے قابل ہوتے ہیں اور دُنیا کے ہر فنکار کو ہی سیاہ رنگ کی خوبصورتی اور اہمیت کا اندازہ ہے۔‘

ٹرک آرٹسٹ نے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ کے ہاں ہر ایک انسان برابر ہے پھر چاہے وہ کالا ہو یا گورا، امیر ہو یا غریب، اور ہمارا مذہب اسلام بھی تو ہمیں برابری اور مساوات کا درس دیتا ہے۔‘

حید ر علی نے کہا کہ ’میں اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائی بہنوں پر ڈھائے والے مظالم کو بھی نہیں بھولا ہوں اور اس آرٹ ورک نے مجھے وہ سب یاد دلایا ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ہورہا ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے لوگ ہر گزرتے لمحے میں خوف اور ظلم کو برداشت کرتے ہوئے اپنی زندگی گزار رہے ہیں، میں التجا کرتا ہوں کہ براہِ مہربانی ہمارے ان تمام مسلمان بھائیوں کے لیے بھی آواز اُٹھائی جائے۔‘

تازہ ترین