• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، مایہ ناز بلے باز جاوید مانداد کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد کی 63ویں سالگرہ کے موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاوید میانداد کے کرکٹ کیر یئر کے پہلے ٹیسٹ میچ کی تصویر شیئر کی۔

تصویر شیئر کرتے ہوئے آئی سی سی نے لکھا کہ’ جاوید میانداد نے اپنے پہلے میچ میں پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹر آصف اقبال کے ساتھ پارٹنر شپ پر 281 رنز بنائے تھے۔‘

اِس کے علاوہ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں بھی آئی سی سی نے جاوید میانداد کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لیجنڈری کھلاڑی کو 63ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ نازعظیم بلے باز جاوید میاں داد کی آج 63ویں سالگرہ ہے، جاوید میانداد 12 جون 1957ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین کا دور 1975ء سے لے کر 1996ء پر محیط ہے،  وہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔

چاہے وہ 1986کا شارجہ کا چھکا ہو یا عالمی کپ 1992کے سیمی فائنل اور فائنل کو بھلا کون بھول سکتا ہے، انہوں نے 1986 میں شارجہ میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیا کہ وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے، بھارت کے خلاف شارجہ کپ کے فائنل میچ میں آخری بال پر چھکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔

لیجنڈ بیٹسمین نے 1992 کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، 1976میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، پہلے ہی میچ میں ایک 163رنز کی اننگز نے انہیں پاکستانی مڈل آرڈر کا لازمی حصہ بنا دیا۔

جاوید میاں داد کا اہم ترین اعزاز یہ ہے کہ انہوں نے کرکٹ کے 6 ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کی ہے جو ابھی تک کسی کرکٹر کو حاصل نہیں ہو سکا ہے۔

تازہ ترین