• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان کا وزیراعظم سے بچوں کی زیادتی کے واقعات پر نوٹس لینے کا مطالبہ

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

باکسر عامر خان نے  وزیراعظم عمران خان سے خصوصی درخواست کی ہے کہ وہ ملک میں تیزی سے برھتے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کا نوٹس لیں اور ان کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

عامر خان نے بچوں سے زیادتی کے خلاف  بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے راولپنڈی میں کبوتر اڑا دینے کی غلطی پر مالکان کے تشدد سے جان سے جانے والی کم سن گھریلو ملازمہ زہرہ شاہ کے قتل پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بطور باپ مجھے اور میری فاؤنڈیشن کوپنجاب میں 8 سالہ معصوم بچی زہرہ کے قتل کر دیے جانے والے واقعے پر دکھ اور تکلیف پہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنا اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانا بہت ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بچہ کسی زیادتی کا شکار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کروں گا۔ پاکستان کے لوگ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی بھی آگے بڑھیں اور میرا ساتھ دیں۔

اس سےقبل عامر خان نے زیادتی کا شکار ہونے والی زہرہ کے اہل خانہ کے مالی اخراجات برداشت کرنے، بچوں کو تعلیم دلانے اور حصول انصاف کے لیے مقدمہ لڑنے میں بھرپور معاونت کا اعلان بھی کیا تھا۔

باکسر نے  زہرہ کے نام پر چائلڈ پروٹیکشن فنڈ متعارف بھی کروایا ہے، عامر خان کا کہنا ہے کہ زہرہ چائلڈ پروٹیکشن فنڈ آنے والے برسوں میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے واقعات کا خاتمہ کرے گی اور سیکڑوں اور ہزاروں بچوں کی حفاظت کرے گی۔

تازہ ترین