• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا متاثرہ سندھ پولیس ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز

سندھ پولیس میں عالمی وبا کورونا سے متاثرہ ملازمین کی تعداد 1002 ہوگئی جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرنے والے جاں بحق  پولیس اہلکاروں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

سندھ پولیس میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ صحتیاب ہونے والے پولیس ملازمین کا تناسب کم ہے۔

عالمی وبا کورونا کو  270 پولیس افسر اور اہلکار گزشتہ عرصے میں شکست دے کر صحتیاب ہوسکے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ پولیس میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز 721 ہیں۔

کورونا وائرس متاثر پولیس ملازمین مختلف اسپتالوں یا میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج ہیں تاہم ان کی زیادہ تعداد اپنے گھروں پر آئیسولیٹ ہے۔ اس عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کئے گئے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرنے میں پولیس ہی فرنٹ لائن فائٹر ہے۔

مختلف ناکہ بندیوں تعینات یا گشت پر مامور پولیس ملازمین کو روزانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں سے ڈیلنگ کرنا پڑتی ہے، ایسے میں پولیس ملازمین کے پاس احتیاطی تدابیر یا بچاؤ کا سامان بین الاقوامی اسٹینڈڈ کے مطابق نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمین کی زیادہ تعداد ساڑھے 5 سو سے زائد کراچی پولیس میں ہے، جن میں سے 180 سے زائد صحتیاب ہوچکے جبکہ کراچی کے 360 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ابھی بھی وائرس میں مبتلا ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کی کراچی میں رہائش گاہ کے 23 ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

حیدرآباد پولیس کے 42 پولیس ملازمین میں سے 11، میرپور خاص پولیس کے 11 ملازمین میں سے 5، سکھر پولیس کے 29 میں سے 6، لاڑکانہ پولیس کے 38 پولیس اہلکاروں میں سے 6 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ آر آر ایف، اسپیشل برانچ اور سندھ ریزرو پولیس کے ایک ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

اسپیشل برانچ کے 9 پولیس ملازمین میں سے ایک، کرائم برانچ اور انویسٹی گیشن کے 3 پولیس ملازمین میں سے ایک تندرست ہوچکا ہے۔

ٹی این ٹی کے 18 پولیس ملازمین میں 3 کا انتقال ہوا جبکہ ایک صحتیاب ہوچکا ہے۔ ٹریننگ برانچ کے 78 جبکہ کراچی ٹریفک پولیس کے 51 پولیس ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں سے 10 ٹریفک اہلکار صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس موذی مرض سے شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او سمیت 22 اور شاہراہ نورجہاں تھانے کے انچارج سمیت 21 پولیس ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

تازہ ترین