• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرہن کے دوران سورج کو دیکھنے کی کوشش نہ کریں، ماہرین

یہ بھی دیکھئے: پاکستان میں سورج کو گرہن  لگ گیا 


ماہر امراض چشم ڈاکٹر قمر اسلام لودھی کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے وقت ہرگز گھر سے باہر مت نکلیں اور گرہن کے دوران براہ راست سورج کو دیکھنے کی کوشش نہ کریں۔

جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر قمر اسلام لودھی نے کہا کہ عام آدمی گرہن کے دوران سورج کی طرف نہ دیکھے، سورج گرہن دیکھنے والے کی آنکھوں کے پردے کے مرکزی حصےجل سکتےہیں اور بینائی بھی جا سکتی ہے جو ناقابل علاج ہے۔

ڈاکٹر قمر اسلام نے کہا کہ کھڑکیوں، دروازوں کے پردے گرائے رکھیں، کرنیں منعکس ہوکر نقصان پہچا سکتی ہیں۔

ماہراض امراض چشم ڈاکٹر سمیرا عرفان نے کہا کہ سورج گرہن کی طرف ایک سیکنڈ دیکھنا بھی ریٹینا کو جلادے گا، گرہن دیکھنے سے ساری عمر کیلئے بینائی چلے جانے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر سمیرا عرفان نے کہا کہ بچوں کو صبح دیر تک سویا رہنے دیں انہیں بالکل مت اٹھائیں اور سورج گرہن کے وقت بچوں کو باہر صحن یا برآمدے میں مت کھیلنے دیں، گرہن کے دوران احتیاط کریں، دھوپ سے بچاؤ کے چشمے لگا کر رکھیں۔

شعبہ اسپیس سائنس پنجاب یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر سید عامر محمود نے کہا کہ سورج گرہن کے وقت ماحول تھوڑا ٹھنڈا ہوسکتا ہے، درجہ حرات کچھ درجے تک نیچے بھی آسکتا ہے۔

ماہر فلکیات خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ سورج گرہن صرف فلکی گردش کا حصہ ہے، حاملہ عورتوں کو نقصان سمیت دیگر باتیں صرف توہمات ہیں۔

واضح رہے کہ کل سورج کو گرہن لگے گا، سورج روشنی کے گول دائرے یا چھلے کی مانند نظر آئے گا، رنگ آف فائر کا یہ منظر پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا۔

سورج گرہن کا آغاز 9 بجکر 26منٹ پر ہوگا، جو ایک بجے کے بعد تک جاری رہے گا، ماہرین کہتے ہیں سورج کی روشنی کم ہونے سے دن میں شام کا سماں ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین