• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگوں کی لاپروائی اور حکومت کی نااہلی سے کورونا وائرس خوب پھیل گیا ہے اور بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے اور عوام مرتے (شہید ہوتے) جا رہے ہیں۔ میرے خیال میں حکومت کی بہترین پالیسی یہ ہونا چاہئے کہ تمام ٹی وی چینلز سے احتیاطی تدابیر نشر کرتی رہے، جو ماسک نہ پہنے اس کو بند کر دیں لیکن کاروبار مکمل کھول دیا جائے۔ دکاندار بھی ماسک لگائیں اور دستانے پہن کر کام کریں۔ اس کے بعد بھی اگر کوئی رحلت فرماتا ہے تو پھر یہ قدرت کا اپنے کام کی تکمیل ہے اور اللہ رب العزّت کے احکامات کی تعمیل ہے۔ ملک میں لاتعداد خود ساختہ ماہرین موجود ہیں جو ہدایات، احکامات دے رہے ہیں۔ جب افسران اور وزیراعظم ماسک نہ لگائیں تو عوام کیوں لگائیں گے۔ چلئے یہ باتیں چھوڑ کر چند اعلیٰ، معلوماتی کتب پر تبصرہ کرتے ہیں۔

1۔ پہلی کتاب ہے The Art of Craft of Management (انتظامیہ کیلئے ہنرمندی اور تدبیر)۔ اس کتاب کے مصنف مشہور بینکر جناب سراج الدین عزیز ہیں۔ یہ نہایت اعلیٰ بینکر اور منتظم رہے ہیں۔ بینکنگ کی دنیا میں آپ کا اعلیٰ مقام ہے۔ آپ دراز قد، چُست، خوبصورت شخصیت کے مالک ہیں۔ بعض اوقات تو ایسا لگتا ہے کہ آپ یورپین ہیں۔ آپ اعلیٰ مقرر ہیں اور حاضرین کو مسحور کر دیتے ہیں۔ ایک اعلیٰ بینکر کی حیثیت سے آپ نے افریقہ، یورپ، امارات، چین میں اعلیٰ خدمات انجام دی ہیں۔ آپ کی بہترین صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر ایک یونیورسٹی نے آپ کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی ہے۔ خوش قسمتی سے میں اس کانوکیشن میں مہمانِ خصوصی تھا۔

یہ کتاب سراج بھائی کے جواہر پاروں سے پُر ہے۔ یہ ایک خوبصورت، خوشبودار پھولوں کے گلدستے کی طرح ہے، ایک خزینہ معلومات و ہدایات ہے۔ اس میں سراج بھائی نے اپنے تجربوں اور عقل و فہم کے موتی بکھیر دیے ہیں۔ کتاب میں 55مضامین ہیں اور سب کے سب نہایت اعلیٰ اور ہدایت آمیز ہیں۔ جب تک آپ اس کتاب کا مطالعہ نہیں کریں گے آپ اس کی بہتری اور خوبصورتی کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔ آپ خاموشی سے بیٹھ کر اس کا مطالعہ کریں اور ہر نصیحت و ہدایت کو یاد رکھیں۔ چند دن پیشتر 8جون 2020ء کے روزنامہ دی نیوز میں سراج بھائی نے ایک نہایت اعلیٰ مضمون بعنوان ’کیوں ریٹائر ہو‘ لکھا تھا‘ میں نے اس کو نہایت شوق و دلچسپی سے پڑھا۔ یہ آرٹیکل ایک ہدایت نامہ ہے۔ سراج بھائی نے مثالوں سے یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ تجربہ کار سمجھدار لوگوں کو انسٹھ، ساٹھ سال کی عمر میں ریٹائر نہیں کرنا چاہئے، اب مغربی ممالک میں بھی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھائی جا رہی ہے۔ میں بھی یہ عرض کروں گا کہ آپ ریکارڈ دیکھ لیں کہ نوبیل انعام یافتہ لوگوں کی عمر ساٹھ، ستر سال سے بھی اوپر رہی ہے۔ یعنی 60سال اور اس کے بعد ہی انسان صحیح معنوں میں عقل و فہم کا ستارہ بنتا ہے۔ میں نے کہوٹہ میں اپنے رفقائے کار کو ستر، ستر برس تک روکے رکھا۔ مجھے اس معاملے میں حکومت کی جانب سے اختیار دیا گیا تھا۔ میں دوسرے اداروں سے ریٹائر ہونے والے اچھے، تجربہ کار لوگوں کو اپنے پاس بلا لیتا تھا، یہ افراد ہیرا تھے۔ یہ آرٹیکل حکومتی سربراہوں کے لئے نہایت مفید مشوروں سے پُر ہے۔ مصیبت یہ ہے کہ سیاست دان، حکمران طبقہ اس وہم میں مبتلا رہتا ہے کہ تمام عقل و فہم اس کرسی میں ہے جس پر وہ بیٹھ جاتے ہیں اور وہ فوراً ان میں منتقل ہو جاتی ہے۔

2۔دوسری کتاب انتہائی اہم اسلامی معلومات اور حیات رسولﷺ پر ہے جو پروفیسر ڈاکٹر طارق رمضان نے تحریر کی ہے۔ پروفیسر طارق رمضان ایک اعلیٰ دینی اسکالر ہیں، عربی، انگریزی پر عبور حاصل ہے۔ آپ نے جنیوا سے عربی اور اسلامک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ بعد میں آپ نے جامعۃ الازہر میں خاصا وقت گزارا اور اسلام کی موشگافیوں سے شناسائی حاصل کی۔ بعد میں سوئٹزر لینڈ کی فرائی برگ یونیورسٹی میں درس دیا۔ بعد میں آپ کیمبرج یونیورسٹی کے سینٹ انٹونی کالج میں سینئر ریسرچ فیلو تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق رمضان نےحیات رسولﷺ کے مختلف پہلوئوں پر بہت اچھے مضامین لکھے ہیں، یہ کتاب، مختصر سہی مگر بہت مفید ہے اور سیرت طیبہ پر ایک قیمتی اضافہ ہے۔

پروفیسر طارق رمضان ایک اعلیٰ تحریر داں ہیں اور آپ نے اسلام، سیرت طیبہ پر بہت سے مضامین لکھ کر اسلام کی اعلیٰ خدمت کی ہے۔ آپ کو ان کی تحریروں سے فوراً یہ یقین ہو جاتا ہے کہ آپ ہمارے پیارے رسولﷺ سے کس قدر محبت رکھتے ہیں۔ انہیں ایک امریکی یونیورسٹی سے پروفیسر شپ کا دعوت نامہ آیا تھا مگر آزادیٔ تقریر و تحریر کے علم برداروں نے ان کو ویزا نہیں دیا۔

3۔تیسری کتاب ’’A bridged Biography of Prophet Muhammad‘‘ (ایک مختصر سوانح حیات رسولﷺ) ہے اس کو امام محمد ابن عبدالوہاب ال تمیمی نے تحریر کیا ہے اور یہ لاہور سے شائع کی گئی ہے۔

یہ نہایت اعلیٰ، مکمل مگر مختصر رسول اللہﷺ کی حیات مبارکہ پر کتاب ہے اور آپﷺ کی زندگی کے ہر پہلو پر روشنی ڈالتی ہے۔ چونکہ یہ کتاب آسان انگریزی میں نہایت آسان و موثر طریقے سے حیات طیبہ پر لکھی گئی ہے اس لئے یہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بہت اہم ہے وہاں وہ خود بھی پڑھ سکتے ہیں اور خاص طور پر بچوں کو بھی پڑھا سکتے ہیں۔ میرا مشورہ تو یہی ہے کہ ہر تارک وطن فیملی کے گھر میں یہ کتاب ہونی چاہئے اور بچوں کو پڑھانی چاہئے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین