• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، لاک ڈاؤن پر شام 7 بجے انتہائی سطح پر عملدرآمد کرنے کا حکم

کراچی پولیس کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا تازہ صورتحال میں حکومتی ایس او پیز پرعمل درآمد 100 فیصد یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس پر آج شام سات بجے سے مکمل عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

کراچی میں شام 7 بجے سے شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت اور کمرشل سرگرمیوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جائے گی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی صدارت میں کے پی او میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس کے افسران اور جوان محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جاں فشانی سے مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال کے تحت حکومتی احکامات پر  عملدرآمد کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز نے لاک ڈاؤن کے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ آج شام سات بجے سے لاک ڈاؤن پر مکمل اور سختی سے عمل درآمد کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں کراچی کے اسٹریٹ کرائم کے سدباب کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

تازہ ترین