• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے متاثرہ کرکٹرز کیلئے رمیز اور آفریدی کی نیک خواہشات

انگلینڈ جانے والے دس پاکستانی کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سابق اور موجودہ کرکٹرز نے اُن کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنا دھچکے سے کم نہیں، کھلاڑیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دُعاگو ہوں۔ اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ آگے کیا ہوگا؟

ایک اور سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کی صحت کیلئے دُعا کرتے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنا بہت خیال رکھیں۔

شاہد آفریدی نے پاکستانی عوام سے بھی اپیل کی کہ وائرس کو سنجیدگی سے لیں۔

فاسٹ بولر حسن علی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ اُن کی دُعائیں آپ سب کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 7 کھلاڑی کورونا کا شکار

بائیں ہاتھ کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ سب کھلاڑی جنگجو ہیں، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وائرس کا شکار ہونے والے کرکٹرز میں سے کسی کو بھی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے، نیک خواہشات اپنے دوستوں اور ٹیم کے سینئر ممبران کے ساتھ ہیں، سب جلد صحتیاب ہوں گے انشااللّٰہ۔

تازہ ترین