• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا دوسری لیبارٹری سے کروایا گیا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔

گزشتہ روز پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کرائے گئے ٹیسٹ میں محمد حفیظ سمیت 7 کھلاڑیوں میں عالمی وبا کورونا کی تشخیص ہوئی تھی لیکن محمد حفیظ نے ان ٹیسٹوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے اپنے کورونا میں مبتلا نہ ہونے کی ٹیسٹ رپورٹ شیئر کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آل راؤنڈر نے بتایا کہ پی سی بی کا کرایا گیا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے اپنی تسلی کیلئے کل دوسرا ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا ہے۔

محمد حفیظ نے یہ اطلاع بھی دی کہ کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے اپنی فیملی کا بھی کورونا ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ منفی ہے۔

محمد حفیظ نے ٹیسٹ کی پورٹ سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دوسری لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ منفی ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرائے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد کرکٹر محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ اُن میں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ ٹھیک ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو فوری طور پر آئسولیٹ کر لیا ہے اور فیملی کے کورونا ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار ہے۔

تازہ ترین