• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلڈ پریشر متوازن رکھنے کیلئے پوٹاشیم کا استعمال کریں

پوٹاشیم سے بھر پور غذاؤں کے استعمال سے بلڈ پریشر متوازن رکھنے سمیت متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں، کیلے کے علاوہ بھی کئی سبزیوں اور پھلوں میں پوٹاشیم کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے جن کا استعمال روزانہ بغیر کسی نقصان کے کیا جا سکتا ہے ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق پوٹاشیم انسانی صحت کے لیے بہت اہم مائیکرو منرل ہے جس کے استعمال کے نتیجے میں مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، پوٹاشیم کے استعمال سے دماغی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور کاکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ پوٹاشیم بلڈ پریشر متوازن رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق ہائپر ٹینشن اور ہائی بلڈ پریشر ایک خطرناک بیماری ہے جس کا فوری علاج لازمی ہے، غذا کے ذریعے بھی اس کا علاج کیا جا سکتا ہے ، ماہرین غذائیت تجویز کرتے ہیں کہ اگر غذا میں پوٹاشیم کی مقدار بڑھا دی جائے تو بلڈ پریشر کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے ، سپلیمنٹس کے بجائے صرف پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کرتے ہوئے بھی بلڈ پریشر متوازن رکھا جا سکتا ہے ۔

اگر آپ کو کیلے کے استعمال سے موٹاپے کا ڈر ہے تو قدرت نے متعدد غذاؤں میں کیلے سے بھی زیادہ مقدار میں پوٹاشیم رکھا ہے، مندرجہ ذیل غذائیں آپ کو کیلے سے زیادہ پوٹاشیم مہیا کرسکتی ہے۔

خشک خوبانی

خشک میوہ جات میں شمار کی جانے والی خشک خوبانی کے استعمال سے صحت پر کئی مثبت اثرات آتے ہیں ، 6 خشک خوبانیوں میں 488 ملی گرام پوٹاشیم پایا جاتا ہے ، اس کے استعمال سے قوت مدافعت اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں جبکہ آنکھوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے ۔

پالک

غذائیت سے بھرپور ہرے پتوں پر مشتمل سبزی پالک میں آئرن، پوٹاشیم ، پانی، فائبر ، وٹامن اے ، وٹامن کے ، وٹامن سی ، فولک ایسڈ اور کیلشیم بہتر مقدار میں پایا جاتا ہے ، پالک کے استعمال سے وزن میں کمی بھی آتی ہے ۔

کھوپرے کا پانی

موسم گرما میں کھوپرے کے پانی کا استعمال فرحت بخش ثابت ہوتا ہے ، گرمی بھگانے کے لیے میٹھے، کابونیٹڈ اور مضرِ صحت مشروبات کے بجائے غذائیت سے بھرپور صحت بخش کھوپرے کے پانی کا استعمال کرنا چاہئے، کھوپرے کا پانی ہائیڈریٹڈ رکھتے ہوئے پوٹاشیم کی بھرپور مقدار فراہم کرتا ہے اور جسم سے فاضل مادوں کا صفایا بھی کرتا ہے ۔

تربوز

تربوز گرمیوں کا پھل ہے جس کا 90 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے ، اس کے استعمال سے پوٹاشیم کی کمی پوری ہونے سمیت مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

پوٹاشیم کے حصول کے لیے آلو

پوٹاشیم حاصل کرنے کے لیے آلو بہترین ذریعہ ہے ، آلو کی قسم شکر کندی بھی بلد پریشر کے لیے مفید غذا ہے ، آلو روزانہ کی بنیاد پر کسی نہ کسی سبزی کے ساتھ ملا استعمال کیے جا سکتے ہیں ۔

انار کا استعمال

انار میں پوٹاشیم کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے ، انار میں مزید فائبر ، پروٹین ، وٹامن سی ، وٹامن کے اور فولک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے ، انار میں اینٹی انفلامینٹری خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں ، بلڈ پریشر متوازن رکھنے کے لیے انار بہترین آپشن ہے ۔

کینو کا رس

کینو کا رس ناشتے میں استعمال کرنے سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں ، کینو میں وٹامن سی اور پوٹاشیم کی مقدار کیلے سے بھی زیادہ پائی جاتی ہے ، فائبر حاصل کرنے کے لیے کینو کو گودے سمیت کھایا جا سکتا ہے ۔

تازہ ترین