• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین ممالک کا فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ روکنے کا مطالبہ

یورپی یونین کے 25  ممالک کے 1080 ممبران پارلیمنٹ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر مجوزہ قبضے کو مسترد کر تے ہو ئے اسے روکنے کا مطالبہ کردیا۔

یورپین قیادت سمیت یورپی یونین کی دیگر حکومتوں کے نام لکھے جانے والے خط میں ان ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم یورپ بھر میں پھیلے ہوئے پارلیمانی ممبران " قواعد کے تحت" چلتے ہوئے گلوبل آرڈر کے لئے پرعزم ہیں۔

ہمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن کے حصول کی اس تجویز پر شدید تشویش ہے جس کے تحت اسرائیل کو یہ حق دیا جا رہا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرلے۔

اپنے خط میں ان ممبران پارلیمنٹ نے یورپین قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے پہل کرتے ہوئے اس قبضے کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ کیونکہ اس سے نہ صرف فلسطین کی خود مختاری بے معنی ہوجائے گی بلکہ دو ریاستی حل کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے تصور کو بھی نقصان پہنچے گا۔

ان ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یورپین قیادت سے کہا کہ 2020 میں طاقت کے بل بوتے پر علاقوں پر جبری قبضے کے تصور کیلئے کوئی جگہ نہیں اور اس عمل کو روکا جانا چاہئے۔  اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس سے علاقائی مسائل رکھنے والی ریاستوں کی اس بات کیلئے حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ بھی بین الاقوامی قوانین کا احترام نہ کریں۔

ان ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ قواعد کے تحت چلنے والی دنیا اور یورپ کی اپنی طویل مدتی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

خط میں ان ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید تحریر کیا کہ یہ معاملہ بھی COVID-19 وباء سے نمٹنے کے عمل سے کم خطرناک نہیں ہے۔ جبکہ ایک تنازعے کے دیرپا حل کیلئے بھی یہ ضروری ہے کہ اس میں فلسطینیوں کے تحفظ کی جائز امنگوں اور ان کے اسرائیل کے مقابلے میں برابر حقوق کی بھی ضمانت دی گئی ہو۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اسرائیل میں انضمام کیلئے یکم جولائی کو اپنی پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کریں گے۔

اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے تجویز کیا ہے کہ اسے ویسٹ بینک کے 30 فیصد حصے کو اپنے اندر شامل کر لینا چاہیے۔

اس خط پر دستخط کرنے والوں میں مختلف ملکوں کی پارلیمنٹس میں موجود 13 پارٹی لیڈرز، مختلف پارلیمانی خارجہ امور کمیٹی کے 5 سربراہان اور یورپین پارلیمنٹ سمیت 16 پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں۔

تازہ ترین