• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں 24 مارچ سے جاری جزوی لاک ڈاؤن کے 100 دن مکمل ہو گئے، جبکہ کورونا کیسز میں کمی کے باعث لاہور میں 15 روز قبل مکمل سیل کیے گئے 60 سے زائد علاقوں کو کھول دیا گیا ہے۔

محکمۂ داخلہ پنجاب نے شہر کے 7 علاقوں میں جاری مکمل لاک ڈاؤن میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی ہے۔

محکمۂ داخلہ پنجاب نے لاہور کے 7 علاقوں میں جاری لاک ڈاؤن میں 3 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، گلشنِ راوی اور والڈ سٹی کے علاقے 3 جولائی تک مکمل بند رہیں گے۔

ان علاقوں کو 7 روز قبل مکمل سیل کیا گیا تھا، ان علاقوں میں بازار، شاپنگ مالز، پبلک اور پرائیوٹ دفاتر بند رہیں گے، شہریوں کو بلا اجازت نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ میڈیکل اسٹورز اور گراسری کی دکانیں پہلے کی طرح کھلی رہیں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹ ایریاز قرار دے کر 15 جون کو سیل کیے گئے 60 سے زائد علاقوں کو کیسز میں کمی کے بعد آج سے کھول دیا گیا ہے، ان علاقوں سے پولیس کی نفری ہٹالی گئی ہے۔

محکمۂ صحت پنجاب کی جانب سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں پہلے سے جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن 15 جولائی تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد نئی حکمتِ عملی پر غور

لاہور پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کے 100 روز کے دوران 8 ہزار 279 موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پولیس اہلکار کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

تازہ ترین