• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مائنس ون، اپوزیشن کا شوشہ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، تمام اتحادی ساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن احتساب کے ڈر سے عمران کو ہٹانا چاہتی ہے، شبلی فراز کی بریفنگ

اپوزیشن احتساب کے ڈر سے عمران کو ہٹانا چاہتی ہے، شبلی فراز 


 اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن 6500 سے بڑھا کر 8500 کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2020ءسے ہو گا ‘ای او بی آئی ماہ اپریل، مئی، جون اور جولائی کی پنشن اور بقایاجات ادا کرے گی۔

پنشنر یکم اگست سے اضافی شدہ پنشن اور بقایا جات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت تین پن بجلی منصوبوں کی منظوری دی‘وزیراعظم نے صوبائی مالیاتی ایوارڈکے اجراء پرزوردیاہے ‘جن پائلٹس کے لائسنس مشکوک تھے انہیں برطرف کر دیا گیا ہے۔

اب ہمارے جوپائلٹس جہاز اڑا رہے ہیں ان کی ڈگریاں سو فیصد کلیئر اورعالمی معیار کی ہیں‘ جعلی ڈگریوں کے حامل پائلٹس کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو گی‘وزیراعظم نے پائلٹس کے معاملے پر دوبارہ سمری طلب کرلی ہے‘ مائنس ون اپوزیشن کا شوشہ ہے ‘حکومت کو کوئی خطرہ نہیں‘تمام اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ‘اپوزیشن احتساب کے ڈرسے عمران خان کو ہٹاناچاہتی ہے ‘بلاول بھٹو نے کون سی گرم ہوادیکھی ہے۔

انہیں وراثت میں پارٹی ملی ہے ‘آڈیٹرجنرل رپورٹ کرپشن نہیں ہوئی ‘ہمارے دور میں اعتراضات میں 70سے 80فیصد کمی آئی ہے‘اپوزیشن کو معلوم ہے کہ اگر عمران خان ان کے راستے سے ہٹ جائے تو ان کے ماضی کی کرپشن کا نہیں پوچھا جائے گا، ماضی میں پی آئی اے، اسٹیل ملز میں بے شمار سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔کابینہ اجلاس میں عثمان ناصر کو ایم ڈی سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن کے مالی سال 2019-20ءکے آڈٹ کے لئے آڈیٹر جنرل تعینات کرنے کی منظوری دی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اجلاس کے آغاز پرعمران خان نے کورونا سے صحت یابی پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر بحث ہوئی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پروسیجرل مسائل اور قواعد و ضوابط کی بنیاد پر آڈٹ پیراز بنتے ہیں، ماضی میں کھربوں روپے کے آڈٹ پیراز بنتے تھے لیکن ہمارے دور حکومت میں اس میں 70 سے 80 فیصد کمی آئی ہے ، اداروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنا چاہئے۔

اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 25 جون کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر بات ہوئی، سستی بجلی کے منصوبوں سے مہنگے پلانٹس بند ہو جائیں گے۔اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالہ سے گفتگو ہوئی۔ لیپس ہونے والے فنڈز کو کراچی اور اسلام آباد کیلئے ری ایلوکیٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبائی فنانس کمیشن کو فعال بنانے کی ہدایت کی اور اس سے پورے صوبے میں منظم طریقہ اور سیاسی تفریق کے بغیر کام ہوں گے، ماضی میں پنجاب میں سینٹرل لاہور پر زیادہ ترقیاتی کام ہوئے جبکہ باقی پنجاب کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں پیسوں کے ضیاع کوروکنے کیلئے خسرو بختیار کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی 90 دن میں رپورٹ پیش کرے گی ۔ خیبرپختونخوا میں ای ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے، کے پی کے میں ای ٹینڈرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کے لئے پالیسی وضع کی جائے گی اور ان کے لئے لیگل فریم ورک تیار کیا جائے گا‘شبلی فراز کا کہناتھاکہ تمام ایئر لائنو ں کے اسٹاف کی ڈگریوں کی تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اصلاحات لائی جائیں گی‘شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ملک کو بچانے کے لئے نہیں بلکہ خود کو احتساب سے اور اپنے دور میں کی گئی کرپشن سے بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہے، مائنس ون اپوزیشن کی ذہنی اختراع ہے۔

تازہ ترین