• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی جیم خانہ کو چار دیواری کے اندر تعمیراتی کام جاری رکھنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی جیم خانہ کی تزئین وآرائش کے کام روکاوٹ ڈالنے پر کمشنر کراچی،ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر کراچی جم خانہ انتظامیہ کو چار دیواری کے اندر تعمیراتی کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈائریکٹر ہیریٹج منظور اور ایس ایچ او سول لائن کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی جیم خانہ کی تزئین وآرائش کے کام میں روکاوٹ ڈالنے پر کمشنر کراچی،ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ کمشنر کراچی و دیگر کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرایا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کراچی جیم خانہ کی عمارت کا شمار ثقافتی ورثے میں ہوتا ہے ، سپریم کورٹ نے غیر قانونی تعمیراتی سے روک رکھا ہے، کراچی جیم خانہ انتظامیہ ٹینس کورٹ کو ختم کرکے وہاں پارکنگ بنانا چاہتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کراچی جیم خانہ ثقافتی ورثہ میں نہیں آتا ہے، ایک سرکاری لیٹر جاری کر کے جیم خانہ کو ثقافتی ورثے میں شامل نہیں کیا جا سکتا، ثقافتی ورثے میں شامل کرنے کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کمشنر کراچی کو اختیار نہیں کہ نجی عمارت میں کام رکوائے، کراچی میں کتنی عمارتین غیر قانونی تعمیر ہیں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ان کا خیال نہیں ہے، لیاری میں چند ہفتے قبل عمارت گرنے سے لوگ ہلاک ہو گئے ہیں، اس وقت بلڈنگ کنٹرول والے کہاں تھے۔

تازہ ترین