• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے،وحدت المسلمین

کراچی(اسٹاف رپوٹر)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرککراچی میں اجارہ داری اور ناانصافی کی علامت بن چکا ہے۔عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے آئے روز ایک نئی مشکل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔کے الیکٹرک نے شہر 550میگا واٹ کا شاٹ فالٹ بتا کر عوام کو بے وقوف بنایا ہے اور شہر کے عوام سے کھربوں روپے کمائے ہیں قومی احتساب بیورو اس کی تحقیقات کرے۔دوسری جانب وزارت توانائی، بجلی کے اس بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھراتی ہے جبکہ کے الیکٹرک اپنے ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے فرنس آئل کی کمی کو بنیاد بتا کرپوری صفائی سے خود کو بری الذمہ قرار دے دیتے ہیں۔عوام کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ اپنے مدعا کس کے سامنے پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے کے الیکٹرک ایک خود سر ادارہ ہے جو حکومت سمیت کسی کا بھی حکم ماننے کو تیار نہیں۔عوام کو ایک ایسے منہ زور مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو جب دل چاہے بجلی بند کر دے اور جتنی رقم چاہے عوام کے بلوں میں ڈال دے اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے کے الیکٹرک کو لگام نہ دی تو پھر عوام گھروں سے باہر نکل کر احتجاجی مظاہروں سمیت تمام قانونی و آئینی آپشنز کواستعمال کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔
تازہ ترین