• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں مندر کیلئے پلاٹ ن لیگ کی حکومت میں دیا گیا، شہبازگل


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ شہباز گل نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مندر کیلئے پلاٹ ن لیگ کی حکومت میں دیا گیا تھا، ہمارا آئین اقلیتوں کی عبادتگاہوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرواتا ہے، اپوزیشن کو اسپیکر پسند نہیں تو تحریک عدم اعتماد لانا اس کا آئینی حق ہے، ن لیگ کے ایک بہت بڑے لیڈر نے پیغام بھیجا ہے میری جان خلاصی کروادیں پارٹی میں گروپ بنادوں گا۔

عمران خان کو مائنس ون کیا گیا تو غیرجمہوری کام ہوگا، جہانگیر ترین کیخلاف مقدمہ بنا تو انہیں بھی واپس لائیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگوکررہے تھے۔

پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ اور سینئرصحافی و تجزیہ کار محمد مالک بھی شریک تھے۔محمد مالک نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کا اسلام آباد میں مندر بننے کے خلاف بیان سمجھ سے باہر ہے، اسلامی ملک میں مندر بننا کیسے اسلام کی روح کے خلاف ہوسکتاہے ، کابینہ ارکان کے اثاثوں اور غیرملکی شہریت سے متعلق تفصیل پبلک ہونی چاہئے۔

سہیل وڑائچ نے کہا کہ ق لیگ نے اپنی شناخت میں دائیں بازو اور مذہب کو نمایاں کرلیا ہے، پاکستان میں عموماً لیڈر کا متبادل پارٹی میں نہیں ہوتا لیکن جب تقدیر کا پہیہ گھومتا ہے تو متبادل بھی مل جاتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ شہباز گل نے کہا کہ اسلام آباد میں مندر کیلئے پلاٹ ن لیگ کی حکومت میں دیا گیا تھا، ہمارا آئین بھی اقلیتوں کی عبادتگاہوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرواتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے بھی کئی لوگ خوش نہیں ہوتے۔

اسد قیصر کی کوشش ہوتی ہے کہ سب کو ساتھ لے کر ایوان کو چلائیں۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایوان میں اپنے وقت سے کہیں زیادہ وقت حاصل کیا۔

تازہ ترین