• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولائی سے دسمبر کا وقت کسی بھی حکومت کیلئے سخت ہوتا ہے، تجزیہ کار

جولائی سے دسمبر کا وقت کسی بھی حکومت کیلئے سخت ہوتا ہے، تجزیہ کار 


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہاہےکہ جولائی سے دسمبر کا وقت کسی بھی حکومت کے لئے سخت ہوتا ہے،معروف گلوکار او ر رہنما پی ٹی آئی ابرار الحق نے کہا کہ لوگ بے احتیاطی نہ کریں اور میل جول کم کردیں،وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے وفاق کے لئے ٹیکس جمع نہ کرنے کا فیصلہ سندھ کابینہ کا ہے ،معروف کیریئر کونسلر اظہر حسین عابدی نےکہا کہ بہت سی یونیورسٹیوں نے اسکالرشپ اور ڈسکاؤنٹ آفر کئے ہیں۔معروف تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ جولائی سے دسمبر کا وقت کسی بھی حکومت کے لئے سخت ہوتا ہے تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں بہت سی حکومتیں انہی چھ ماہ میں گری ہیں ۔ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جن کو ان کی پارٹی کی سپورٹ کے ساتھ ساتھ اداروں کی سپورٹ بھی حاصل ہے جبکہ اپوزیشن نے بھی پچھلے دو سال میں کوئی ایسی سنجیدہ جدوجہد نہیں کی کہ وہ حکومت کو غیر مستحکم کرسکیں ۔ عمران خان کی جو کمزوریاں او رخامیاں ہیں وہ ان کی اپنی پرفارمنس میں ہیں یہ کہنا کہ کسی نے کرنے نہیں دیا غلط ہوگا ، ان کا تو اسٹیبلشمنٹ نے بھی ساتھ دیا ہے، جب خان صاحب نے حکومت سنبھالی تھی معیشت میں بہتری تھی مگر اب نیچے کی جانب جارہی ہے ،اگر دیکھا جائے تو ہر شعبے میں زوال آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متبادل تلاش کرنے پر خان صاحب کو سیخ پا نہیں ہونا چاہئے کیا دنیا بھر کی سیاست میں متبادل نہیں ہوتا، ہوتا ہے ہر ملک کی سیاست میں ہوتا ہے ۔ مائنس ون کے حوالے سے پوچھ گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مائنس ون کوئی اچھی چیز نہیں ہوتی ، ہمیں تو مسئلے کا حل نکالنا ہے کیونکہ ہر چیز مسئلے کے ساتھ جڑی ہوتی ہے ۔

تازہ ترین