• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپتان کو اب ہر صورت میں پویلین واپس جانا پڑےگا، خانم اللہ خان ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور خیبر پختونخواکے صوبائی نائب صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ تمام تر کی کوششوں اور تمام تروسائل کو بروئے کار لانے کے باوجود بجٹ کی منظوری کیلئے سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنا سلیکٹڈ وزیراعظم کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے وزیراعظم پارلیمنٹ کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ وزیراعظم کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ آٹے، چینی و پٹرول بحران، باربار مہنگائی کے بم گرانے اور عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والی مافیا کی سرپرستی پر قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جائیں اگر عوام سڑکوں پر نکلے تو دما دم مست قلندر ہو گا اور حکمرانوں کو عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بھاگنے کاراستہ بھی نہیں ملے گا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل کپتان اور نالائق کھلاڑیوں کی وجہ سے حکمران سنچری بنانے کی بجائے زیرو ہی پر کلین بولڈ ہو گئے کپتان کو اب ہر صورت میں پویلین واپس جانا پڑےگا۔ خانم اللہ خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کی کشتی ڈوبنے والی ہے سیاسی بھگوڑوں نے حکمرانوں کی کشتی سے چھلانگ لگانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کے اس انکشاف سے کہ منتخب نمائندوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور غیر منتخب افراد حکومت چلا رہے ہیں حکمران جماعت میں ہلچل مچ گئی ہے جبکہ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور کی نالائقی سے برطانیہ و یورپ کی آٹھ ممالک نے پی آئی اے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید، چوہدری فواد اور فیصل ووڈا، شیخ رشید احمد اور پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض چوہان کی اشتعال انگیزی سے حکومت کے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں پٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ اضافہ سے حکمرانوں کے خلاف نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔
تازہ ترین