• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کے ایک اور ن لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعلیٰ بزدار سے ملاقات، دونوں جماعتوں کی طرف سے سخت ایکشن کا اعلان

پی پی کے ایک اور ن لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعلیٰ بزدار سے ملاقات


لاہور(ایجنسیاں )مسلم لیگ(ن)کے 6اور پیپلز پارٹی کے ایک ایم پی اے کی پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے ملاقات ‘اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ادھر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملاقات کرنے والے اپنے ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف سخت الیکشن لینے کا اعلان کردیا۔

لیگی رہنما عظمی بخاری نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے 6 ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سے ملے اور انہوں نے یہ ملاقات پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر کی ہے۔

ملاقات کرنے والے ارکان کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈرسید حسن مرتضیٰ نے غضنفر عباس لنگاہ کو لوٹا قراردیتے ہوئے اسمبلی آمد پر ان کے گھیراؤکا اعلان کردیا اور کہاکہ حکومت جلد گرنے والی ہے ‘ عثمان بزدار بھی سن لیں ان کی یہ لوٹا کریسی اب زیادہ دیر نہیں چلے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں(ن) لیگ کے میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی انصاری، نشاط احمد ڈاہا ، غیاث الدین، اظہر عباس اور محمد فیصل خان نیازی جبکہ پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس شامل ہیں ۔عظمیٰ بخاری کا کہناتھاکہ مذکورہ اپوزیشن ارکان پہلے بھی 2 بار وزیراعلی سردارعثمان بزدار سے ملاقات کرچکے ہیں، ان اراکین پنجاب اسمبلی کو ان کی پارٹی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹسز بھی جاری کئے جاچکے۔

شوکاز نوٹسز کے جواب میں ارکان نے آئندہ اجازت کے بغیر ملاقات نہ کرنے کا یقین بھی دلایا تھا۔اے پی پی کے مطابق ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ 

عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے اور کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔دریں اثناءسید حسن مرتضی نے کہا کہ غضنفر لنگاہ نے عوام کے مینڈیٹ اور قیادت کی اعتماد کی توہین کی ہے۔

غضنفر لنگاہ اب ایوان میں بیٹھ نہیں سکے گا ،یہ ایوان میں آئے اسے بتا دیں گے کہ لوٹے کا جمہوری انداز میں گھیرائو کیا ہوتا ہے ۔ 

تازہ ترین