• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلیٹی اسٹور، 70 کی بجائے 78.33 میں چینی کا پرچیز آرڈر جاری کیا، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سنیئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہونے میں اپوزیشن کا کردار نہیں،کریڈٹ حکومت کو ہی جاتا ہے۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ عوام کیلئے دی گئی اربوں روپے کی سبسڈی شوگر ملز مالکان کی جیب میں چلی گئی۔یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن چاہتی تو شوگر ملز ایسوسی ایشن سے 70 روپے کلو میں چینی خرید سکتی تھی ، مگر چوبیس جون کو 78.33 روپے کلو میں چینی خریدنے کا پرچیز آرڈر جاری کیا گیا۔

شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ پیپرا رولز کے سیکشن 42 کی کلاز ڈی تھری کے مطابق انتہائی غیر معمولی حالات میں بڈنگ کے عمل میں جو وقت کی مدت متعین ہے ،اس کی پیروی نہیں ہوسکتی ،مگر لازمی ہے کہ جو حالات ایمرجنسی کو لاگو کرنے کا جواز بنتےہیں۔

وہ خریداری کرنے والی کمپنی کے اپنے پیدا کردہ نہ ہوں ۔ 

پیپرا کے سابق ڈائریکٹر اعجاز کھوکھر نے کہا کہ پیپرا قوانین کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن شوگر مل ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی مہلت کے دوران 70 روپے کلو میں چینی خرید سکتی تھی۔ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہاپوزیشن سے تیس سال پرانے بجلی کے بلوں کا حساب لیا جارہا ہے لیکن حکومتی وزراء سے کچھ نہیں پوچھا جاتا۔

حکومتی وزراء کے اتنے معاملات سامنے ہیں اس کا جواب میر شکیل الرحمٰن کی قید کی صورت میں ہے، قوم کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ملک میں کس قسم کا احتساب ہورہا ہے ۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ انتقام اور تکبر کی خاطر ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، نااہل حکومت نے ایوی ایشن انڈسٹری تباہ اور پی آئی اے کو دفن کردیا ہے، اپوزیشن بدترین سیاسی انتقام کے باوجود کھڑی ہے اسے سراہنا چاہئے، شریف خاندان کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیاں ہوئی ہیں۔

حمزہ شہباز ایک سال سے جیل میں ہے، مریم نواز کو بلاجواز مقدمہ میں جیل میں ڈالا گیا، شہبازشریف کورونا مثبت نہیں ہوتے توبجٹ سیشن میں بھرپور کردارادا کرتے، شہباز شریف فرنٹ سے پارٹی کو لیڈ کریں گے، مریم نواز سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی کہ انہیں کس وقت متحرک کرنا ہے، مریم نواز جس دن باہر نکلیں گی لاکھوں لوگ ساتھ ہوں گے۔ 

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حمزہ شہباز کی بطور پارلیمانی لیڈر کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ن لیگ کے جو ارکان اسمبلی جمعرات کو عثمان بزدار سے ملے وہ ایک سال پہلے بھی ان سے ملے تھے۔

حکومت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود پارٹی کے مزید ارکان اسمبلی توڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

تازہ ترین