ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اسٹار عالیہ بھٹ اور ریتیک روشن آسکر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے، انہیں ʼاکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز ʼکی جانب سے دعوت نامے بھی موصول ہوگئے ہیں۔اکیڈمی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اس بار دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 819 فن کاروں اور دیگر اہم شخصیات کو تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ ان میں عالیہ اوررتیک کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 8 شخصیات بھی شامل ہیں۔ان شخصیات میں کاسٹییوم ڈیزائنر نیتا لولا، دستاویزی فلم ڈائریکٹر اور ʼگلاب گینگ، ʼلکشمی اور ʼمی جیسی فلمیں ڈائریکٹ کرنے والی نشاتا جین، فلم ʼکمینے اور ʼمون سون ویڈنگ کی مصنفہ سبرینہ دھون، ʼگلی بوائےاور ʼلائف آف پی کی کاسٹنگ ڈائریکٹرز نندنی شری کانت اور فلم ʼلائن کے کاسٹنگ ڈائریکٹر ٹیس جوزف، ویژول ایفکٹ آرٹسٹس وشال آنند و سندیپ کنول اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ کمپنی ʼکیوبے سنیما ٹیکنالوجیزکے معاون بانی سینتھل کمار شامل ہیں۔مجموعی طور پر تقریب میں مدعو کیے جانے والے 819افراد کی شرکت سے اکیڈمی ایوارڈ کی ممبر شپ 9 ہزار 4 سو 12 رکنی ہو جائے گی۔ ان میں 45 فی صد خواتین اور 36 فی صد مردوں کی نمائندگی موجود ہے۔ 89 فی صد اراکین کا تعلق دنیا کے 68 ممالک سے ہے۔ جن شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے وہ 93 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے۔اکیڈمی کے صدر ڈیوڈ روبن کا کہنا ہے کہ اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز مہمانوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔ان کے بقول ہم نے ہمیشہ غیر معمولی صلاحیتیں رکھنے والوں کو سراہا ہے۔ ان کی شرکت عالمی برادری کی نمائندگی کا باعث ہوگی۔آسکر ایوارڈ یافتہ جنوبی کوریا کی فلم ʼپیراسائٹʼ کے ستاروں جنگ ہی جن، جوییو جیونگ، پارک سوڈیم اور لی جنگ ایون کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ اس فہرست میں ہدایت کار لولو وانگ، ایری آسٹر، ٹیرنس ڈیوس، میتھیو وون، رابرٹ ایگرز، میٹ ریوس اور الما ہاریل بھی شامل ہیں۔