• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی فش ہاربر پر مچھلی کی خرید و فروخت پر پابندی لگادی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پہلی مرتبہ ڈائریکٹر سندھ فشریز کی جانب سے جولائی کی پابندی کے ساتھ ساتھ کراچی فش ہاربر پر مچھلی کی خرید و فروخت پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔1700چھوٹی بڑی لانچیں جو کھلے سمندر سے شکار لے کر آرہی ہیں،کراچی فش ہاربر پراگر انہیں لینڈنگ کی اجازت نہ ملی توماہی گیر وہ مچھلی کہاں لے کر جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا ہے کہ کراچی فش ہاربر کی 75سالہ تاریخ میں کبھی اس طرح کی پابندی نہیں لگائی گئی جس طرح کی پابندی ڈائریکٹر فشریزنے لگا دی ہے،اس پر فوری طور پرنظرثانی کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے احکامات سر آنکھوں پرہیں،مگرماہی گیروں کو کراچی فش ہاربر پر لینڈنگ سے روکنا اور خرید و فروخت پر پابندی لگانا مناسب عمل نہیں ہے۔ عبدالبر نے کہا کہ فش ہاربر پرلینڈنگ وخریدوفروخت پرپابندی کے احکامات غیر قانونی جیٹیوں کو نا دانستہ طور پرسپورٹ کرنے کی سازش معلوم ہوتے ہیں۔ چیئرمین عبدالبرنے سوال اٹھایا کہ سمندر سے واپس آنے والی 1700لانچوں کو کراچی فش ہاربر پر لینڈنگ اور خریدو فروخت کی اجازت نہ ملی تو ماہی گیروں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کون کرے گا۔

تازہ ترین