• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری منسوخ، حکومت نجی کمپنی کے ساتھ ملکر چلائے گی

روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری منسوخ، حکومت نجی کمپنی کے ساتھ ملکر چلائے گی


اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے امریکا میں پی آئی اے کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل کی نجکا ری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ نیو یارک کی ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور نجکاری کمیشن کو ہدایت کی ہےکہ ہوٹل کے لیے فنانشل ایڈوائزر تعینات کیا جائے ۔ 

کمیٹی نے پی آئی اے کےملکیتی روزویلٹ ہوٹل کو بنیادی طورپرآفس ٹاوراور ریٹیل یا مشترکہ ملکیت کے طورپر بہتر طور پر استعمال اور ڈویلپ کرنے کی تجویز کو آگے بڑھانے کیلئے مالیاتی مشیرکی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلایا جائے گا، نجکاری کمیشن کو روز ویلٹ ہوٹل کا فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ نجکاری کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت جمعرات کو ہوا۔

ایوی ایشن ڈویژن کی درخواست پر وزیر نجکاری کی سربراہی میں قائم روزویلیٹ ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا یہ ٹاسک فورس ہوٹل کو لیز پر دینے کےلیے ٹرمز آف ریفرنس مرتب کرنے اور جوائنٹ وینچر پروجیکٹ کےلیے قائم کی گئی تھی ۔ 

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ میسرز ڈی لوائیٹ ہوٹل کی ٹرانزیکشن کیلئے سٹڈی کو اگلے چارہفتوں میں اپ ڈیٹ کیا جائے اوران کی تفصیلات سے کمیٹی کاآگاہ کیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہوٹل کو نہ تو فروخت کیا جائے گا اور نہ ہی لیز پر دیا جائیگا بلکہ نجی شراکت دار کے ساتھ مل کر ہوٹل کو بہتر طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کےلیے نجکاری کمیشن سے کہا گیا ہے کہ مالیاتی مشیر کی تعیناتی کی جائے۔

تازہ ترین